سرینگر //جنوبی ضلع پلوامہ میں ترال علاقے کے ہاری پاری گاوں میں جس مشتبہ جنگجویانہ حملے میں گذشتہ شام دیر گئے ایک ایس پی او اور اسکی بیوی ہلاک اور بیٹی زخمی ہوئی تھی،پیر کی صبح جواں سال بیٹی رافیہ اختربھی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی۔نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق ایس پی او کی 25سالہ بیٹی رافیہ سرینگر کے اسپتال میں آج علی الصبح چل بسی جس سے اس حملے میں مرنے والوں کی تعداد تین ہوگئی، جن میں ایس پی او، اس کی بیوی اور بیٹی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گذشتہ رات کے قریب ساڑھے دس بجے بونہ پورہ ہاری پاریگام ترال گاﺅں میں جنگجوﺅں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں تعینات ایس پی او فیاض احمد کے گھر میں زبردستی گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فیاض احمد ، اسکی اہلیہ راجہ بیگم اوربیٹی رافیہ اختر شدید طور پر زخمی ہوئے۔
فیاض احمد کو شدید زخمی حالت میں جب نزدیکی اسپتال لیجا یا جارہا تھا تووہ دم توڑ بیٹھا جبکہ اسکی اہلیہ اور بیٹی کو انتہائی تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال لیجایا گیا جہاں اسکی اہلیہ بھی دم توڑ بیٹھی۔بیٹی رافیہ کو انتہائی نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ آج صبح چل بسی۔