نئی دہلی // نومنتخب وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج صبح نیشنل وار میموریل پہنچ کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر راج ناتھ کو آج بعد دوپہر وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنا ہے ۔ اس کے پہلے وہ صبح آٹھ بجے انڈیا گیٹ کے نزدیک واقع نیشنل وار میموریل پہنچے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے ساتھ تینوں افواج کے سربراہان نے بھی شہیدوں کو یا د کرتے ہوئے گلہائے عقیدت پیش کئے ۔اس کے بعد مسٹر سنگھ نے نیشنل وار میموریل میں شہیدوں کی مختلف گیلریوں کو دیکھا اور حکام کے ساتھ نیشنل وار میموریل سے متعلق موضوعات پر بات چیت کی۔ مسٹر سنگھ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی پچھلی حکومت میں وزیر داخلہ تھے اور نئی حکومت میں انہیں وزارت دفاع کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ وہ اتر پردیش کی لکھنؤ پارلیمانی سیٹ سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچے ہیں۔ یواین آئی