یواین آئی
لیریا/فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے ایک دوستانہ اور وارم اپ میچ میں پرتگال نے نائیجیریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ میچ کے دوران اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو آؤٹ آف فارم نظر آئے ، تاہم پیڈرو نیٹو اور فرانسسکو کونسیساؤ کے شاندار گولز نے ٹیم کو فتح دلا کر رونالڈو کی مایوس کن کارکردگی کا ازالہ کر دیا۔میچ کے پہلے ہاف کے وسط میں چیلسی کے فارورڈ پیڈرو نیٹو نے شاندار گول کر کے پرتگال کو برتری دلائی، لیکن نائیجیریا کے اکور ایڈمز نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے گول داغ کر مقابلہ 1۔1 سے برابر کر دیا۔میچ کے 85 ویں منٹ میں یووینٹس کے ونگر فرانسسکو کونسیساؤ نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر پرتگال کی برتری کو دوبارہ بحال کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسری جانب، پانچ مرتبہ بیلین ڈی اور کا اعزاز جیتنے والے 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کے لیے یہ رات اچھی ثابت نہ ہوئی اور انہوں نے گول کرنے کے کئی بہترین مواقع ضائع کیے ۔واضح رہے کہ رونالڈو اپنے کیریئر کا ریکارڈ چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں، تاہم تجزیہ کاروں اور فٹ بال حلقوں میں یہ خدشات جنم لے رہے ہیں کہ ان کی موجودگی ہیڈ کوچ رابرٹو مارٹنیز کی مضبوط ٹیم کی قدرتی صلاحیتوں کو نکھرنے سے روک سکتی ہے ۔پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ چیمپئنز لیگ جیتنے والے چار کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد رابرٹو مارٹنیز کو پہلی بار مکمل اسکواڈ دستیاب تھا۔ انہوں نے مڈفیلڈ میں ویتینہا اور جواؤ نیویز کو مانچسٹر یونائیٹڈ کے پلے میکر برونو فرنینڈس کے ساتھ میدان میں اتارا۔پرتگال کی ٹیم جمعہ کے روز فلوریڈا کے پام بیچ میں اپنے بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوگی۔ عالمی کپ میں پرتگال کی مہم کا آغاز 17 جون کو ہیوسٹن میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر کانگو) کے خلاف میچ سے ہوگا، جس کے بعد وہ گروپ ‘کے ‘ کے بقیہ میچوں میں ازبکستان اور کولمبیا کا سامنا کرے گی۔