کپوارہ//ہائرسکینڈری اسکول وارسن گزریال کپوارہ ایک دہائی سے محکمہ تعلیم کی نظروں سے اوجھل ہے اورنہ صرف اس اسکول کابنیادی ڈھانچہ کمزور ہے بلکہ اس ہائرسکینڈری اسکول میں پرنسپل کی کرسی کے علاوہ لیکچراروں کی 8اسامیاں خالی ہیں،جس کی وجہ سے طلاب کی تعلیم بری طرح متاثر ہورہی ہے۔مذکورہ ہائرسکینڈری اسکول گزریال کے دردسن،ریشی گنڈ، وارسن، وارسن کشمیری اورسنگڑانہ علاقوں کے طلاب کی تعلیمی ضروریات پوری کرتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق اس اسکول کادرجہ دس برس قبل بڑھایاگیا اوراسے ہائی اسکول سے ہائر سکینڈری اسکول بنایا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق تاہم حکومت نے ہائرسکینڈری اسکول کے لئے درکار ڈھانچہ تعمیر کرنے کیلئے تب سے کوئی قدم نہیں اُٹھایا۔ہائراسکینڈری اسکول ،جو ہائی اسکول کی عمارت میں قائم ہے ،میں طلبہ کو جگہ کی شدید قلت کاسامنا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جس اس ہائی اسکول کادرجہ بڑھاکر ہائراسکینڈری اسکول بنایا گیا تولوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی کیونکہ یہاں کے بچوں کو تعلیم کیلئے دوردرازکاسفرکرناپڑتا تھا۔والدین کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ محکمہ تعلیم نے اس سکول کو یکسر نظر انداز کیا ہے اور مذکورہ ہائر سیکنڈری گزشتہ دو سال کے دوران بغیر پر نسپل کے بھی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف درس و تدریس کا کام کاج متا ثر ہو تا ہے بلکہ دیگر ضروری کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکول میں طلبہ کی تعداد 3سو سے زائد ہے لیکن عملہ کی کمی کی وجہ سے بھی طلاب کی تعلیم متاثر ہوتی ہے ۔اس دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ہائر سکینڈری سکول میں پرنسپل کی کرسی خالی ہونے کے علاوہ اساتذہ کی بھی قلت پائی جاتی ہے ۔سکول میں 8مستقل لیکچر آر وں کی اسامیا ں خالی پڑی ہیں تاہم محکمہ تعلیمی سال شروع کرنے سے قبل عارضی بنیادو ں پر لیکچر ا رو ں کو تعینات کیا جاتا تھا، لیکن امسال ان عارضی لیکچر ا رو ں کی تعیناتی بھی عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ نویں اور دسویں جماعت کو پڑھانے کے لئے بھی اساتذہ کی کمی ہے ۔مذکورہ ہائر سکینڈری اسکول میں لیبارٹری کے ساتھ ساتھ لائبریری بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے بھی طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔سکول میں زیر تعلیم طلبہ کا کہناہے سکول میں بیت الخلا ء کی بھی سہولت نہیں ہے اورنہ ہی سکول میں صاف پانی کی فراہمی کاکوئی بندوبست ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ انہو ں نے ہائر سیکنڈری سکول وارسن میں بنیادی سہولیات بہم رکھنے کے لئے کئی بار متعلقہ آفیسران سے اپیل کی تاہم انہو ں نے ابھی تک کوئی بھی اقدام نہیں کیا ۔مقامی لوگو ں نے سکول کے لئے نئی عمارت تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ سکول میں تمام بنیادی سہولیات کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔