عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے بعد بدھ کو مسلسل تیسرے دن کشمیر کے کئی علاقوں میں پابندیاں نافذ رہیں۔حکام نے بتایاکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر حکومت نے ہفتہ تک تعلیمی ادارے بند کر دیے جبکہ موبائل انٹرنیٹ کی رفتار بدستور بدستور معطل رہی۔عہدیداروں نے بتایا کہ کشمیر کے کئی حصوں میں بدھ کو بھی لوگوں کی نقل و حرکت اور جمع ہونے پر پابندیاں جاری رہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ شہر بھر میں پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کئے گئے ہیں. حکومت نے پہلے سکول، کالج اور یونیورسٹیاں7مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے۔حکام نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ جمعرات کو بھی کشمیر کے تمام اضلاع میں پابندیاں جاری رہیں گی۔سیکورٹی گرڈ کے سینئر عہدیداروں نے کہا، پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر جمعرات کو پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی صورتحال بڑی حد تک پرامن رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ خدمات 2G رفتار تک محدود رہیں گی، جبکہ پری پیڈ موبائل کنکشن پر آئوٹ گوئنگ کال سروسز معطل رہیں گی۔