بارہمولہ // وادی کشمیر قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جس کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے، پوری دنیا گھوم چکا ہوں لیکن کشمیر جیسی خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی ۔ان باتوں کا اظہار بالی وڈ اداکار ارجن رامپال جو ویب سیریز ’دی فائنل کال‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں وادی کشمیر آئے ہوئے ہیں،نے کیا۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہیں کشمیری روغن جوش انتہائی پسند آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ اتنی خوبصورت جگہ ہے کہ یہاں سے جانے کا من ہی نہیں کرتا۔’دی فائنل کال‘ ویب سیریز پریہ کمار کی کتاب ’آئی ول گو وڈ یو‘ پر مبنی ہے۔ ارجن رامپال جو پہلی بار کشمیر آئے ہیں، کا کہنا تھا ’میں بہت برسوں سے یہاں آنا چاہتا تھا۔ لیکن حالات اس طرح کے تھے کہ میں نہیں آپایا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار کشمیر آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ چکا ہوں، لیکن اتنی خوبصورت جگہ میں نے کہیں نہیں دیکھی ۔ کشمیر واقعی قدرت کا ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ ہمیں اس کا خیال رکھنا چاہیے۔ اس کو پیار دینا چاہیے۔ارجن رامپال نے کشمیر میں شوٹنگ کے تجربے کے بارے میں کہا’ ’شوٹنگ کے سلسلے میں ہم پہلے پہلگام گئے۔ وہاں لگا کہ یہ جگہ واقعی جنت ہے۔ جب یہاں گلمرگ آئے تو ایک نئی جنت میں داخل ہوگئے۔ یہ جگہ اتنی خوبصورت ہے کہ یہاں سے جانے کا من ہی نہیں کرتا‘ ‘۔ انہوں نے کہا ’’فائنل کال میں میرا کردار ایک پائلٹ کا ہے۔ فلم میں اس پائلٹ کا ایک کشمیری بچے کے ساتھ اچھا رشتہ ہے۔ اس کی شوٹنگ یہاں ہوئی ہے‘‘۔ ارجن نے کہا کہ بالی وڈ کو اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لئے کشمیر ضرور آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا ’’میں نے کشمیر خاص طور پر گلمرگ، پہلگام اور سرینگر کو تو فلموں میں ہی دیکھا تھا۔ جب راج کپور، شمی کپور اور امیتابھ جی یہاں آکر اپنی فلموں کی شوٹنگ کرتے تھے۔ اُس وقت تو کشمیر ایک پرامن جگہ تھی۔ بہت لوگ یہاں شوٹنگ کے لئے آتے تھے۔ یہاں کی قدرتی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔ اب اچھا انفراسٹرکچر بھی ہے۔ بالی وڈ کو ضرور یہاں آنا چاہیے۔ حالات ٹھیک رہیں گے تو بہت لوگ یہاں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہاں آنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ یہاں کے لوگ بہت پیارے ہیں۔ انہوں نے بہت اچھے طریقے سے ہمارا یہاں پر استقبال کیا۔ ہماری بہت اچھی خاطرداری کی ہے۔ مجھے تو لگا کہ یہاں کوئی گڑبڑ ہے ہی نہیں۔ میں اپنے دوستوں اور ہم پیشہ افراد سے اس کا ذکر کروں گا۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ فلم انڈسٹری کا کشمیر آنا اس وادی کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ہمیں بھی فائدہ ہوگا کیونکہ ہم یہاں کی خوبصورتی کو اپنے کیمروں میں قید کرکے پوری دنیا کو دکھا سکتے ہیں۔ ارجن نے کہاکہ جب ہماری پہلگام میں شوٹنگ چل رہی تھی تو استو پروڈکشن کے مشتاق خان نے اپنے گھر سے ہمارے لئے کمال کا روغن جوش بھیجا۔ جب میں نے پہلی بار کھایا تو میں اس کا ذائقہ چک کر دھنگ رہ گیا۔ میں نے یہاں گلمرگ میں بھی روغن جوش کھایا ۔ مجھے یہاں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔