وادی میں شدید بارش اور طوفانی ہوائیں

 سرینگر //وادی میں طوفانی ہوائوںنے تباہی مچادی دی ہے جس دوران بجبہاڑہ میں ایک خاتون درخت گرنے کے دوران زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی جبکہ اونتی پورہ میں ایک نجی گاڑی پر بھاری بھرکم سفید ے کا درخت گر گیاتاہم گاڑی کا ڈرائیور معجزیاتی طور بچ نکلا ۔سرینگر ،لہیہ شاہراہ پر لینڈ سلائیڈ نگ کے نتیجے میں ٹریفک کی آوا جاہی گھنٹوں متاثر رہی تاہم سری نگر جموں شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ پر ٹریفک کی آوا جاہی جاری رہی ۔ محکمہ موسمیات کے صوبائی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’اگلے 24گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہونگی ، تاہم جمعرات سے موسم پھر خوشگوار رہے گا ‘‘۔جنوبی کشمیر میں نیلم درس بجبہاڑہ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب مہور ریاسی سے تعلق رکھنے والی بکروال خاتون 25سالہ عائشہ اختر پر سفیدے کا درخت گر گیا جس کی وجہ سے وہ موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئی ۔ اس دوران شمالی اور جنوبی کشمیر میں تیز ہوائیں چلنے کے نتیجے میں کئی علاقوں میں درخت اکھڑ گئے جبکہ مختلف شاہرائوں اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ۔تیز ہوائیں چلنے سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبوں اور ترسیلی لائنوں کو شدید نقصان پہنچااور کئی مقامات پر بوسیدہ ہوچکے سفیدے کے درخت گرجانے کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار کئی لوگ بال بال بچ گئے۔ادھر شہر سرینگر اور وسطی کشمیر کے  اضلاع گاندربل اور بڈگام میں بھی تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے بجلی کی ترسیلی لائنوں کو نقصان پہنچا اوردرخت اکھڑ کر بیچ راستوں پر گرگئے ۔سرینگر جموں شاہراہ پر اونتی پورہ میں ایک سفیدے کا درخت جڑ سے اکھڑ گیا اور شاہراہ پر چل رہی ایک سرخ رنگ کی نجی گاڑی زیر نمبر JK01V/5846پر جا کر گرا جسکی وجہ سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوئی تاہم گاڑی کا ڈرائیور معجزیاتی طور بچ نکلا ۔ شاہراہ پر معمول کے مطابق ٹریفک کی آوا جاہی جاری تھی ،کہ اسی اثناء میں ‘‘گرین ٹنل ‘‘ میں سے ایک سفیدے کا درخت گر آیا اور سیدھے گاڑی پر گر گیا جس کے بعدمقامی لوگوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور کو بحفاظت باہر نکالا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی پارٹی بھی وہاں پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ادھر جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع بشمول اننت ناگ، پلوامہ ، کولگام اورشوپیان میں بھی منگل کو نماز فجرکے بعد تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں درخت اکھڑ کر گرگئے جبکہ بجلی کی ترسیلی لاینوں اور کھمبوں کو بھی نقصان پہنچا اور صورتحال جاری رہنے کی وجہ سے پورے جنوبی کشمیرمیں بھی بجلی سپلائی منقطع کردی گئی۔سرینگر سمیت وادی کے دوسرے اضلاع میں منگل کوفجر نماز سے ہی تیز ہوائوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس دوران بارشیں بھی ہوئیں ۔اس دوران سرینگر ،لہیہ شاہراہ پر اُس وقت منگل کو ٹریفک کی آوا جاہی متاثر ہوئی جب زوجیلا کے مقام پر شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ۔حکام کے مطابق سونہ مرگ ۔زوجیلا اور  کے درمیان ہائی وے پر گاڑیوں کی آمد رفت متاثر رہی ،تاہم سرینگر سے سونہ مرگ کے درمیان ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہا ۔حکام نے بتایا کہ دراس ۔کرگل اور لہیہ کے درمیان روڑ پر بھی ٹریفک جاری رہا ۔