سرینگر//15اگست کے پیش نظر شہر سرینگر کے قرب و جوار بالخصوص حساس مقامات میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے ۔15اگست کی سب سے بڑی تقریب سونہ وار کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونے جارہی ہے جہاں جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پرچم کشائی کر کے مہمان خصوصی کے بطور مارچ پاسٹ پر سلامی بھی لیں گے۔ ایک روز قبل ہیشہر کی سڑکوں اور اہم چوکوں پر ناکوں میں اضافہ کیا گیا ہے جہاں لوگوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ان کی پوچھ گچھ اور جامہ تلاشی بھی لی جا تی رہی ہے ۔
ہفتے کو سول لائنز سری نگر میں بعض جگہوں پر سیکورٹی فورسز نے راہگیروں کو قطاروں میں کھڑا کر کے ان کی جامہ تلاشی لی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے ۔ سرینگر میں حسب سابق15ا گست کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کئی مقامات پر نئے ناکے لگا دئے گئے ہیں ۔تاہم امسال سونہ وار میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم، جہاں سب سے بڑی تقریب منعقد ہونے والی ہے ، کی طرف جانے والی سڑک کو شام تک کھلا رکھا گیا جس کو ماضی میں پہلے ہی بند کیا جاتا تھا۔ سرینگر میں پولیس نے ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کا سلسلہ ہفتے کو بھی جاری رکھا اور لال چوک سمیت مختلف علاقوں میں ڈرون فضا میں گردش کرائے گئے ۔ وادی کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے نیز جگہ جگہ پر ناکے قائم کئے گئے ہیں۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے ۔کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے گزشتہ روز کہا کہ یوم آزادی کے پیش نظر وادی میں ہر جگہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں پر یوم آزادی کی تقاریب کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ یو آزادی کی تقریب کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وادی کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات اچھے طریقے سے منائی جائیں گی۔ادھرجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق سرینگر اورجموں کے میئر نیز ڈی ڈی سی چیئرپرسن دونوں راجدھانیوں میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔ امسال ضلعی ہیڈکوارٹروں پر منعقد ہونے والی یوم آزادی تقریبات میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن مہمان خصوصی ہونگے ۔