سرینگر//وادی بھر میں ناجائزمنافع خوری،ذخیرہ اندوزی اورملائوٹی اشیائے خوردنی کی فروخت پر روک لگانے کے لئے صوبائی کمشنر بصیر احمد خان نے لیہہ اورکرگل سمیت تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو خصوصی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے۔انہوںنے ترقیاتی کمشنروں پر راشن،گیہوں،کھانڈ،ایل پی جی،مٹی کے تیل اور ڈیزل وغیرہ کی سپلائی پوزیشن کا باقاعدگی سے جائزہ لینے پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔انہوںنے ان باتوںکا اظہار خوراک،رسدات اور امور صارفین کے کام کاج کاجائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔اس موقعہ پر ناظم خوراک نے ایک پاور پوائنٹ پرزینٹیشن کے ذریعے محکمہ کے مختلف شعبوں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے کہا کہ کشمیر خطے میں اشیائے خوردنی کا وافر سٹاک موجود ہے اور کسی بھی چیز کی کوئی قلت نہیں ہے۔صوبائی کمشنر نے یہ ہدایات جاری کیں کہ صارفین میں ہر مہینے کے ابتدأ میں ہی اشیائے خوردنی کا سٹاک تقسیم کیاجانا چاہئے۔صوبائی کمشنر نے محکمہ کی انفورسمنٹ ونگ کو تمام راشن ڈیپوئوں،فیر پرائس شاپس،ایل پی جی آئوٹ لیٹس ،مٹی کے تیل کے ڈیپوئوں اورپٹرول وڈیزل آئوٹ لیٹس کے علاوہ صارفین کی کل تعدادکے بارے میں باقاعدگی کے ساتھ جانچ کرنے پر زور دیا اورصوبائی کمشنر کے دفتر میں تفصیلی رپورٹ کرنے کی ہدایت دی تاکہ راشن کارڈ ہولڈروں کو اشیأ خوردنی کی سپلائی مل آسانی سے مل سکے۔اس موقعہ پر شکایات کے ازالہ کے بارے میں ناظم خوراک نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے اس سلسلے میں ہیلپ لائین نمبرات مشتہر کئے گئے ہیں تاکہ لوگ اپنی شکایات jkfesca.gov.in,capdkashir,nic.in,feastjk.gov.inپر درج کرسکیں۔جبکہ ان ٹول فری نمبرات پر بھی شکایات درج کی جاسکتی ہیں1967اور1800-1800-7011میٹنگ میں ناظم خوراک محمد قاسم وانی،جوائنٹ ڈائریکٹر نذیر احمد اورڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔