سرینگر // وادی میں جمعرات کو اگرچہ کئی روز بعد دھوپ نکلی لیکن ساتھ ہی سرد ہوائیں بھی چلیں۔ وادی بھر میں ایک بار پھر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے 29ج نوری تک موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے 31جنوری کو کہیں کہیں ہلکے برف وباراں کاامکان ظاہرکیا ہے ۔سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین مقام رہا ، جہاں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.9جبکہ گلمرگ میں منفی 10ڈگری تک گر گیا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام میں دوران شب 0.2 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 اورقاضی گنڈ میں منفی0.2 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔جمعرات کو آسمان پر گہرے بادل چھٹ گئے اور مکمل دھوپ نکل آئی۔ تاہم دھوپ نکلنے کے باوجود دن کے وقت یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں سردیوں کے بادشاہ40 روزہ چلہ کلان کے آخری دن چل رہے ہیں اور 31 جنوری کوچلہ کلان کا دور حکومت اختتام پذیر ہوگا۔اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا ،اوراس دوران ا گرچہ بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ، تاہم سردیوں کے زور میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔چلہ بچہ کے10دن کشمیرمیں موسم سرماکے آخری ایام مانے جاتے ہیں تاہم اس دوران بھی برف وباراں ہوتا ہے ،اورسردی کی شدت برقراررہتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں 29 جنوری تک موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ 30 جنوری کو مطلع مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور 31 جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہے۔