سرینگر//اس وقت پوری دنیااور جموں کشمیرکوایک عالمگیروبا ء سے زبردست خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور ایسے میں ہمارے لئے احتیاطی تدابیراختیار کرناضروری ہیں۔ان باتوں کااظہارنیشنل کانفرنس کے صدراورسابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے،اُنہیں اُن کی رہائی پر مبارکباد دینے آئے عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ایک بیان کے مطابق فاروق عبداللہ نے کہا کہ دین اسلام میں نہ صرف وبائی بیماریوں سے بچنے کی راہیں دکھائی گئی ہیں بلکہ ان وبائی بیماریوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے مسنون دعائیں بھی سکھائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی تعلیمات پرعمل درآمد کے ساتھ ساتھ ہمیں عالمی صحت تنظیم اور دیگرادارو ں کے مشوروں پربھی من وعن عمل کرناچاہیے،تاکہ ہم نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کوبھی اس مہلک بیماری سے بچاسکیں۔بیان کے مطابق وفود نے ڈاکٹر فاروق کورہائی پانے پر مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے ۔ڈاکٹر فاروق نے فرداًفرداًسبھی کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں کوسلام پیش کرتا ہوں،جنہوں نے اپنی پارٹی کاپرچم مشکل اور کٹھن حالات میں بھی اونچارکھا۔ دریں اثناء پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے ٹنگمرگ میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ وہ عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں۔