سرینگر//وائلڈ لائف فوٹو گرافی سے متعلق 3 روزہ ورکشاپ قومی پارک داچھی گام میں اختتام پذیر ہوا۔ اپنی نوعیت کے اس پہلے ورکشاپ کا انعقاد محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ڈبلیو ڈبلیو فنڈ فار نیچر کے اشتراک سے کیا تھا جبکہ محکمہ وائلڈ لائف، ویلی سکل اینڈ کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کشمیر اور گُلشن بُک نے بھی اس میں اپنا تعاون دیا تھا۔محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے ڈائریکٹر مُنیر الاسلام نے اپنے عملے اور ڈبلیو ڈبلیو ایف انڈیا کی ٹیم کا اس طرح کا پروگرام منعقد کرانے کے لئے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اس طرح کے اختراعی پروگرام آگے بھی منعقد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی صحافتی برادری کے لئے کچھ مزید پروگرام بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قومی ورکشاپ سے جنگلی حیاتیات کو تحفظ دینے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔ناظم اطلاعات نے محکمہ کی سرگرمیوں میں دلچسپی کا مظاہرہ کرنے کے لئے شکراء کا شکریہ ادا کیا۔اس تین روزہ ورکشاپ کے دوران شرکاء کو وائلڈ لائف فوٹو گرافی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں جانکاری دی گئی جبکہ تیسرے روز شرکاء کو داچھی گام پارک کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں انہوں نے بذاتِ خود جنگلی حیاتیات کا مشاہدہ کیا۔اس ورکشاپ کا افتتاح جنگلات وماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے15 دسمبر کو کیا تھا۔پروگرام کو نذیر گنائی نے کوارڈی نیٹ کیا تھا جبکہ اسحاق بٹ نے اُن کی معاونت کی۔