وائرس کے بڑھتے معاملے | طبی تحقیق کونسل کی اومیکرون ٹسٹ کٹ کو منظوری

نئی دہلی// انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے کووڈ-19 کی نئی شکل اومیکرون کی جانچ کے لیے ایک ٹسٹ کٹ کو منظوری دے دی ہے ۔ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ اس کٹ کو گزشتہ ہفتے مکمل جانچ کے بعد منظور کیا گیا تھا۔ اسے جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب کرایا جائے گا۔ اس کٹ کو ‘ٹاٹا میڈیکل اینڈ ڈائیگونسٹکس’نے تیارکیا ہے ۔ اس کٹ کو گھر پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔خیال رہے ملک میں ہلاکت خیز کووڈ کے کیسز ایک بار پھر تیزی سے بڑھنا شروع ہوگئے ہیں ۔ نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز بھی رپورٹ ہو رہے ہیں اور عام طور پر اومیکرون وائرس کی جانچ کرنے میں کافی وقت لگتا ہے ۔سرکاری کمپنیاں آر ٹی پی سی آر کٹ 20 سے 30 روپے کی قیمت پر خرید رہی ہیں جبکہ تھرمو فیشر کٹ کی قیمت 240 روپے ہے۔
 
 
 

؎ دہلی میںہر ہفتہ اور اتوار کو کرفیو نافذ

نئی دہلی،// کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظردارالحکومت دہلی میں ویک اینڈ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ، جس کے تحت ہفتہ اور اتوار کو پوری دہلی میں کرفیو نافذ رہے گا۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے منگل کو کہا کہ دہلی میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن کیجریوال حکومت کسی بھی صورتحال سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ اس کے پیش نظر دہلی حکومت نے کچھ اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں رات کے کرفیو کے ساتھ اب ہر ہفتہ اور اتوار کو بھی دن کا کرفیو لاگو ہوگا۔ تمام ضروری خدمات کے علاوہ تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے اور سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں گے ۔ پرائیویٹ سیکٹر اپنے صرف 50 فیصد ملازمین کو دفتر میں بلا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بس اسٹاپ اور میٹرو اسٹیشن کے باہر بہت زیادہ ہجوم کے پیش نظر یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب 50 فیصد کے بجائے میٹرو اور بسیں اپنی پوری صلاحیت سے چلیں گی۔ لیکن ماسک کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسٹر سسودیا نے مزید کہا کہ اب تک کے تجربات کی بنیاد پر ماہرین کا خیال ہے کہ کورونا کی نئی شکل اومیکرون مہلک نہیں ہے اور دہلی حکومت اس سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔
 
 

اسرو 2022میں متعدد مشن شروع کرنے کیلئے تیار

چنئی// انڈین اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (اسرو) کے چیئرمین ڈاکٹر کے سون نے کہا ہے کہ 2021 میں کووڈ-19 کی وبا کی وجہ سے اسرو کی سرگرمیاں کافی متاثر ہوئی ہیں لیکن 2022 میں یہ بہت سے خلائی تحقیق شروع کرنے جا رہی ہے ۔نئے سال کے موقع پر اسرو کے سائنسدانوں کے نام ایک پیغام میں ڈاکٹر سون نے کہا کہ پچھلے سال ہم نے دو مشن کیے جن میں سے ایک این ایس آئی ایل مشن تھا جو مکمل طور پر کمرشیل تھا۔ جی ایس ایل وی ۔ایف 10۔ ای او ایس۔ 03کرایوجینک مرحلے میں خرابی کی وجہ سے ناکام ہو گیا تھا۔ اس ناکامی کے بعد ہی ‘‘قومی سطحی ناکامی تحقیقاتی کمیٹی’’ تشکیل دی گئی۔ تشکیل دی گئی کمیٹی نے ناکامی کی اصل وجہ کا پتا لگاکر اپنی سفارشات دی تھیں۔ متعلقہ نظام میں اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔  2022 کے لیے اسرو کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر سون نے کہاکہ اگر ہم اس سال اسرو کے پروجیکٹ کے بارے میں بات کریں تو ہمارے بہت سے مشن شروع کیے جائیں گے ، جن میں ملک کا پہلا بغیر پائلٹ‘‘گگن یان مشن’’ بھی شامل ہے ۔ ای او ایس۔4 اور ای او ایس ۔6کو اس سال پی ایس ایل وی سے لانچ کرنے کی تجویز ہے ۔ ای او ایس۔2کو اسمال سیٹلائٹ لانچ وہیکل سے لانچ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترشنا مشن کے تحت زمین کے درجہ حرارت کی درست پیمائش کی جائے گی۔ یہ مشن تقریباً پوری دنیا کے لیے بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اعلی درجے کے درجہ حرارت کا ڈیٹا فراہم کرے گا۔ گگن یان پروجیکٹ کا ڈیزائن مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔
 
 
 
 
 

 مخبری کا شبہ

 نکسلیوںنے شہرہی کوگولی مار کر قتل کیا

کانکیر//یواین آئی//چھتیس گڑھ کے کوئلی بیڑا علاقے میں نکسلیوں نے مخبری کے شبہ میں ایک شخص کو گولی مارکر قتل کردیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ شلبھ کمار سنہا نے کہا کہ کوئلی بیڑا علاقے میں سرچنگ بڑھا دی گئی ہے ۔کوئلی بیڑا علاے ق کے گرام بدرنگی میں کل مرغا بازار چل رہا تھا۔بتایا جارہا ہے کہ بازار میں پہلے سے نکسلی موجود تھے اور کوئلی بیڑا کے رہنے والے مہیش بگھیل کے بازار میں آنے کا انتظار کررہے تھے ۔شام قریب ساڑھے چار بجے مہیش جیسے ہی بازار میں پہنچ، نکسلیوں نے اس پر گولیاں چلا دیں۔ گولی لگنے سے مہیش کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد بازار میں سنسنی پھیل گئی اور لوگ بھاگ گئے ۔
 
 
 

کجریوال اور منوج تواری کوروناسے متاثر

نئی دہلی//دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے منگل کو ٹویٹ کیا اور کہا کہ میں کورونا مثبت پایا گیا ہوں۔ وائرس کی ہلکی علامات ہیں. گھر میں خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے ۔ جو لوگ پچھلے کچھ دنوں میں میرے رابطے میں آئے ہیں وہ خود کو الگ تھلگ رکھیں اور اپنا ٹسٹ کرائیں۔ادھر شمال مشرقی دہلی سے رکن پارلیمینٹ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)لیڈر منوج تواری بھی کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔
 
 

پٹیالہ میڈیکل کالج میںافرا تفری

 100 ڈاکٹر اور طلباء کورونا کی زد میں 

پٹیالہ// پنجاب میں یہاں واقع راجندرا میڈیکل کالج اور اسپتال میں عالمی وباء کورونا سے تقریباً 100 ڈاکٹر اور ایم بی بی ایس کے طلباء متاثر پائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد میں تقریباً 60 ڈاکٹر اور 40 ایم بی بی ایس طلباء شامل ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں ایم بی بی ایس کے طلباء کے کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے ہاسٹل کو خالی کرا دیا گیا ہے ۔ میڈیکل کالج اور اسپتال میں افراتفری کا ماحول ہے ۔ اتنی بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور طلباء کے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد اسپتال میں طبی نظام درہم برہم ہو سکتا ہے ۔ دیگر ڈاکٹر اور طلباء بھی انفیکشن کے شبے کے گھیرے میں آ گئے ہیں ۔ متاثرہ ڈاکٹروں اور طلباء کے رابطے میں آنے والے افراد کی ٹریسنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی نے صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے ایک ہنگامی میٹنگ بلائی ہے اور اس میں اسکول اور کالج بند کرنے سمیت کئی اہم فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔
 
 
 

پنجاب میںسکول وکالج 15جنوری تک بند

جالندھر//پنجاب میں کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر، پنجاب حکومت نے منگل کو رات کا کرفیو نافذ کیا اور تعلیمی اداروں کو بند کرنے اور سنیما ہالوں کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ داخلہ اور انصاف کی جانب سے منگل کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پنجاب کے تمام شہروں اور قصبوں کی میونسپل حدود میں تمام غیر ضروری سرگرمیوں کے لیے رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔