کنگن// تحصیل گنڈکی نیو کالونی میں قائم فلٹریشن پلانٹ بیکار ہونے کے نتیجے میں عوام کوناصاف پانی فراہم کیا جارہاہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فلٹریشن پلانٹ کی مرمت کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معمولی بارشیں ہونے کے ساتھ ہی فلٹریشن پلانٹ سے ناصاف پانی نکلنا شروع ہو جاتا ہے اور مقامی بستی کو مجبوراً یہی ناصاف پانی استعمال میں لانا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے فلٹریشن پلانٹ کی صفائی اور مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ناصاف پانی کی وجہ سے یہاں بیماریاں پھیل گئیں تو اسکی ذمہ داری محکمہ پی ایچ ای پر عائد ہوگی ۔اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای سب ڈویژن کنگن افروز احمد نے تصدیق کی کہ نیو کالونی گنڈ فلٹریشن پلانٹ بیکار ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج سے ہی ٹینکر وں کے ذریعے مقامی بستی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیو کالونی گنڈ کیلئے نئے فلٹریشن پلانٹ کی منظوری ملی ہے اور چند ماہ تک اس پر کام بھی شروع کیا جائے گا ۔