کانپور// (یواین آئی) لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ (40 رن پر چار وکٹ) اور آف اسپنر روی چندرن اشون (35 پر تین وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی جھولی میں تقریباً آچکا پہلا ٹسٹ میچ پیر کے روز نیوزی لینڈ کی آخری جوڑی کی جدوجہد کی وجہ سے ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ڈرا پر ختم ہوگیا۔گرین پارک گراؤنڈ میں میچ کے آخری دن کے پہلے سیشن میں ہندوستانی گیند بازوں کو کوئی کامیابی نہیں ملی اور میچ ڈرا کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا لیکن لنچ اور چائے کے وقت کے درمیان میزبان گیند بازوں نے تین اہم وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنا دیا جبکہ چائے کے وقفے کے بعد اشون اور جڈیجا نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے میچ کو مکمل طور پرہندوستان کی طرف کر دیا، وہیں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کھیلنے والے راچن رویندرا نے 91 گیندوں پر ناٹ آوٹ 18 رن بنائے اور نمبر 11 کے بلے باز اعجاز پٹیل (2 ناٹ آؤٹ، 23 گیندوں) کا وکٹ ہندوستانی گیندباز آخرتک حاصل نہیں کرسکے اور ٹیم انڈیا دہلیز پر کھڑی جیت سے محروم ہوگئی۔ ہندوستان کی پہلی اننگز کے 345 رن کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 296 رن پر سمٹ گئی تھی ۔ 49 رن کی برتری حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 234 رن بناکر اننگز ڈکلیئر کی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 284 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام پر نو وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ممبئی میں کھیلا جائے گا۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور کو ایک وکٹ پر چار رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلے سیشن میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 79 رن بنالئے تھے ۔ ہندوستان کو لنچ کے بعد پہلی ہی گیند پر نائٹ واچ مین ولیم سومرویل (36) کی شکل میں پہلی کامیابی ملی جو امیش یادیو کے ہاتھوں لانگ لیگ پر کھڑے شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اس دوران سلامی بلے باز ٹام لاتھم (52) نے بھی میچ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اپنی نصف سنچری اننگز میں انہوں نے 146 گیندیں کھیلیں اور تین چوکے لگائے ۔ تاہم لنچ اور چائے کے درمیان اشون نے لاتھم اور جڈیجا نے نئے بلے باز راس ٹیلر (2) کو آؤٹ کرکے مہمان ٹیم کو مزید دو جھٹکے لگائے ۔
نیوزی لینڈ کی آخری جوڑی نے میچ ڈرا کرایا، ٹیم اِنڈیا جیت سے چُوکی
