سرینگر//نیوزی لینڈ کی مسجد میں مسلمانوں کو خاک و خون میں ملانے کے خلاف سرینگر میں کئی رضاکار تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے حملے میں جان بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے موم بتیاں روشن کیں۔ پریس کالونی میں سنیچرکو رحمت العالمین اور ہیلپ نامی غیر سرکاری رضاکار تنظیموں نے نیوزی لینڈ کے کریسٹ چرچ کی مسجد النور میںخونریزی کے خلاف نعرے بلند کئے۔بینروں پر ’’مسلمان دہشت گرد نہیں،نیوزی لینڈ کا واقعہ قابل افسوس اور مسلمان مظلوموں کے ساتھ‘‘ کے نعرے درج تھے۔مظاہرین نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا کہ سماجی میڈیا پر فرقہ پرست عناصر اس واقعے پر خوشیاں مناتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،جو ان حرکتوں میں ملوث ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ احتجاج کا مقصد دنیا بھر کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری مسلمان ہر ایک مظلوم کے ساتھ ہیںکیونکہ کشمیری گزشتہ3دہایوں سے از خود کشت و خون کا نظارہ کرتے آئے ہیں۔