نیشنل کانفرنس کی عوامی رابطہ مہم

سرینگر// نیشنل کانفرنس عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ جماعت ہر حال میں یہاں کے عوام کے احساسات ، جذبات اور اُمنگوں کی ترجمانی کرتی رہے گی۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے نائب صوبائی صدر اور انچارج کانسچونسی احسان پردیسی نے حلقہ انتخاب سونہ وار میں عوامی رابطہ مہم کے دوران کھنموہ بلاک کے حلقہ زیون میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ایک چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے انحراف نہیں کرے گی۔ نئی دلی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے پردیسی نے کہا کہ حکمران جان بوجھ کر جموں وکشمیرمیں انتخابات میں تاخیر کررہے ہیںکیونکہ انہیں معلوم ہے کہ یہاں کے لوگ انہیں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اسمبلی انتخابات میں اس لئے تاخیر کی جارہی ہے کہ نیشنل کانفرنس کو کمزور کیا جاسکے اور بھاجپا کی مقامی شاخوں کو کسی نہ کسی طرح مضبوط کو کیا جاسکے لیکن تاحال ایسی تمام کوششیں ناکام ہی ثابت ہورہی ہیں۔