سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈراور ہائی کوٹ کے سینئر ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک نے اجس بانڈی پورہ میں این سی کو جموں کشمیر کے نوجوانوں کی واحد امیدکی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مخلوط سرکار کی پالیسیوں نے جنوبی کشمیر کے نوجوانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ایڈوکیٹ ملک ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا’’ نوجوانوں پر آئے روز مظالم کا اظہار اس نسل کے لئے چشم کشا ہے اور یہ نسل ان دونوں جماعتوں کے نوجواں مخالف عزائم سے با خبر ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ریاست کی جوان نسل خصوصاََ جنوبی کشمیرکے نوجوان اس حکومت پر اپنا اعتماد کھو چکی ہے اور وہ مین اسٹریم جماعتوں میں شامل ہونے کے بجائے دوسرے راستوں کا رُخ اختیار کر لیتے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کی اُمیدوں، جذبات، احساسات اور حقوق کو سلب کیا جارہا ہے۔ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ اس نسل کو ان انتہائی نازک حالات سے نکلنے کے لئے نو جوان لیڈر عمر عبداﷲ کی نو جوان دوست ایجنڈے کا ساتھ دینا چاہئے۔ انہوں نے پارٹی کے اٹانومی منشور کو جموں کشمیر کے عوام کے جذبات کی رہنمائی قرار دیا۔انہوں نے کہا’’تعلیم یافتہ نوجوانوں کا عسکری صفوں میں شامل ہونا مخلوط حکومت کی ناقابلیت کا ثبوت ہے اور یہ حکومت نوجواں نسل کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ‘‘۔