جموں//نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی ترلوچن سنگھ وزیر کو جمعرات کی صبح دلی میں پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹی ایس وزیر حال ہی میں دلی گئے ہوئے تھے جہاں ان کو جمعرات کی صبح پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ متوفی لیڈر کی لاش ابھی ان کے آبائی گھر نہیں پہنچی ہے ۔متوفی سابق قانون ساز جموں و کشمیر ٹرانسپورٹرس ویلفیئر فورم کے صدر بھی تھے ۔نیشنل کانفرنس کے ایک لیڈر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایس وزیر کی دلی میں موت واقع ہوئی ہے اور ان کی لاش کو گھر لانے کے لیے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر نے حال ہی میں جموں میں منعقدہ پارٹی میٹنگ میں شرکت بھی کی تھی۔دریں اثنا نینشل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹی ایس وزیر کی موت پر اظہار غم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا:’اپنے ساتھی سابق ایم ایل سی سردار ٹی ایس وزیر کی اچانک موت واقع ہونے کی خبر سے مجھے صدمہ ہوا چند روز قبل ہی ہم جموں میں اکٹھے بیٹھے اس بات کا گماں بھی نہیں تھا کہ یہ میری ان کے ساتھ آخری ملاقات ہو گی۔ ان کے روح کے سکون کے لئے دعا گو ہوں‘۔نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر جموں دویندر سنگھ رانا نے اپنے ایک ٹویٹ میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا:’اپنے ساتھی اور سابق رکن قانون ساز ٹرلوچن سنگھ وزیر صاحب کے موت کی خبر سن کر صدمہ ہوا۔ پسمانگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ مرحوم کے روح کے سکون کے لئے دعا کرتا ہوں‘۔ ترلوچن سنگھ وزیر ڈسٹرکٹ گردوارہ پرابندھک بورڈ، جموں و کشمیر کے چیرمین اور آل جموں اینڈ کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر اسوسی ایشن کے چیرمین بھی رہ چکے ہیں۔ادھرسابق ایم ایل سے ترلوچن سنگھ وزیر کے سرگباش ہونے پر صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر آنجہانی کے جملہ سوگواران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اُن کی آتما کی شانتی کیلئے بھی دعا کی۔ دونوں لیڈران نے یہ خبر سنتے ہی ٹی این وزیر کے اہل خانہ کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تعزیت کی ۔ انہوں نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صاحب کے جانے سے پارٹی میں ایک خلاء پیدا ہوا ہے جس کی تلافی انتہائی مشکل ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، دیوندر سنگھ رانا اور دیگر پارٹی لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ ادھر پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں ایک تعزیتی اجلاس اقلیتی سیل کے کنوینیر سردار جگدیش سنگھ آزاد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سردار ترلوچن سنگھ (صدر جموں وکشمیر گورودوارہ پربندھک بورڈ ) کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کی سیاسی اور سماجی خدمات کو یاد کیاگیا۔
ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی آج بند کال
محمد تسکین
بانہال//آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن وئیر ہائوس جموں نے جمعہ کے روز اپنے چیئرمین سردار ترلوچن سنگھ وزیر کی ہلاکت کے خلاف ریاست بھر میں ہڑتال کا فیصلہ لیا ہے۔ جمعرات کو جموں میں ایک میٹنگ کے بعد جاری پریس بیان میں آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا کے کہ دہلی میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین ٹی ایس وزیر کی افسوسناک ہلاکت کے خلاف اپنی ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرنے کیلئے اس ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز لکھنپور سے سرینگر اور اوڑی تک کوئی بھی مسافر اور کمرشل گاڑی نہیں چلے گی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل کے اس افسوسناک واقع کی نسبت سے ہوئی میٹنگ میں تمام ٹرانسپورٹروں نے شرکت کی اور اس واقع کی مذمت کی گئی۔