سرینگر// نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی ریاست جموں و کشمیر بشمول لداخ کی وحدت ، انفرادیت، اجتماعیت اور تشخیص کی نگہبان جماعت رہی ہے اور تینوں خطوں کے لوگوں کی خدمتگار اور خدمت خلق کے اصولوں پر کام کرتی آئی ہے۔ ان باتوں کااظہار پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے وادی کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی ہری سنگھ نے ہی 35/A اور 370 کے تحت ریاست کا خصوصی درجہ حاصل کیا اور تین شرائط رسل و رسائل ،کرنسی اور دفاع کے تحت ملک سے رشتہ جوڑا اور فوج بھی وارد کشمیر کردی اور ریاست کو ایک منفرد درجہ دلایاتھا ،جس میں اپنا صدر ریاست ،وزیر اعظم ،اپنا جھنڈا ،آئین اور لکھن پور سے نوبرا تک ویزا شامل تھا ،لیکن بدقسمتی سے دلی کے سخت گیر حکمرانوں نے غیر آئینی طور پر ہم کو آئینی حقوق سے محروم کردیا اور ریاست کے عوام نے مرکز کے اس فیصلے کو یکسر مسترد کردیا۔
ؔ