ڈوڈہ //تمباکو کے استعمال سے کم سے کم کرنے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈوئیفوڈ نے افسران کی ایک میٹنگ منعقد کرکے نیشنل تمباکو کنٹرول پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا ۔میٹنگ کے آغاز میں چیف میڈیکل افسر ڈوڈہ ڈاکٹر مشتاق احمدشاہ نے تفصیل کے ساتھ تمبا کے مضر اثرات کے بارے میں روشنی ڈالی ۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے یہ اعلان کیاکہ سرکاری اور تعلیمی اداروں کے احاطے میں نو سموکنگ زون رہے گا اور فوری طور پر تعلیمی اداروں کے نزدیک تمباکو کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے ۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان کاٹیں اور اگر کوئی دکاندار خلاف ورزی کرتاپایاگیاتو اس کے خلاف چوبیس گھنٹوںکے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے چیف ایجوکیشن افسر اور چیف میڈیکل افسر ڈوڈہ کو ہدایت دی کہ تحصیل سطح پر چھوٹی چھوٹی ٹیمیں تشکیل دے کر لوگوں اور خاص طور پر تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے بیداری پھیلائی جائے ۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ درجہ چہارم کے ملازمین ، صفائی کرمچاریوں، ایس پی اوز اور پولیس کانسٹیبلوں کی طبی تشخیص کرکے اس سلسلے میں ضروری اقدامات کریں ۔