تھنہ منڈی // محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے نیرو جال تا دوداسن رابطہ سڑک پر تار کول بچھانے کا عمل شروع کر دی اگیا ہے ۔مقامی آبادی نے امید ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی پروجیکٹ کو مکمل کر کے عوام کو فائدہ پہنچایا جائے گا ۔اس دوران بی ڈی سی چیئرپرسن پلانگڑھ پروین اختر نے نیرو جال تا دوداسن سڑک پر جاری کام کا معائینہ کیا اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے متعلقہ انجینئروں و ملازمین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ معیاری کام کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے ۔بلاک چیئر مین نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری کی وجہ سے پورے ملک کے ساتھ ساتھ یو ٹی جموں کشمیر میں بھی تعمیراتی سرگرمیوں پر اثر پڑاتاہم اب صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ ہی جموں کشمیر میں بھی تعمیراتی کام شروع ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں کافی خوشی نظر آرہی ہے۔انہوں نے عملے سے کہا کہ وہ بلاک کی دوسری سڑکوں کو مکمل کرنے کیلئے سنجیدگی کیساتھ کام کریں ۔مقامی افراد نے سڑک پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بی ڈی سی چیئر پرسن کے اقدام کی تعریف کی ۔انھوں نے کہا کہ ان کے علاقے میں سڑک پر تارکول بچھا کر انتظامیہ نے ان کی دیرینہ مانگ پوری کی ہے۔