نیتی آیوگ رکن کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

جموں // نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے سرسوات نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے ترقیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر سرسوات نے لیفٹیننٹ گورنر کو اسکولوں میں اٹل ٹنکرنگ لیبارٹریز کے قیام ، نتایج کی نگرانی کیلئے افسران کی استعداد کار بڑھانے ، مختلف مرکزی وزارتوں کے ساتھ یو ٹی کے زیر التوا مسائل کو حل کرنے کیلئے سیاحت اور دیگر محکموں کو لین دین کے مشیر فراہم کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو یو ٹی انتظامیہ کے مختلف محکموں کے چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکریٹریوں کے ساتھ اپنی میٹنگوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جہاں مرکزی وزارتوں کے زیر اہتمام چلائی جا رہی کئی اسکیموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نیتی آیوگ کے رکن نے تعلیمی معیار کے اشاریہ اور صحت کے اشاریہ میں بہتری کے سلسلے میں یو ٹی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو یہ بھی بتایا کہ جی ایس ڈی پی کے تحت اپنے ٹیکس ریونیو جنریشن کے لحاظ سے یو ٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے  وزیر اعظم کے سربراہی میں نیتی آیوگ کے تئیں اظہار تشکر کیا جس نے جموں و کشمیر کے یو ٹی کی ہمہ گیر ترقی پر توجہ مرکوز کی ۔ انہوں نے نیتی آیوگ کے وژن کو زمین پر لاگو کرنے میں یو ٹی انتظامیہ سے ہر ممکن مدد کا بھی یقین دلایا ۔