ٹیکس دہندگان کو قوانین سمجھنے اور ان پر عمل کرنے میں آسانی ہوگی:حکام
سرینگر// انکم ٹیکس محکمہ نے سرینگر دفتر میں نئے انکم ٹیکس ایکٹ 2025 کے حوالے سے ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا حصہ تھا جس کا مقصد ٹیکس دہندگان اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد میں براہِ راست ٹیکس نظام کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور اس کی بہتر تفہیم کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام کی میزبانی مونیکا دھامی، پرنسپل کمشنر انکم ٹیکس سرینگر نے کی۔ تقریب میں ٹیکس دہندگان کے علاوہ مختلف تجارتی اور پیشہ ورانہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جن میں بار ایسوسی ایشن، کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کولڈ اسٹوریج ایسوسی ایشن سرینگر اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے سرینگر چیپٹر سمیت دیگر ادارے شامل تھے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر جی ایس پھانی کشور، چیف کمشنر انکم ٹیکس، امرتسر ریجن تھے، جنہوں نے اپنے کلیدی خطاب میں نئے انکم ٹیکس ایکٹ 2025 کی اہم خصوصیات اور فوائد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یکم اپریل 2026 سے نافذ ہونے والا نیا قانون براہِ راست ٹیکس نظام کو زیادہ آسان، قابلِ فہم اور عوام دوست بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق نئے قانون کے تحت غیر ضروری اور فرسودہ دفعات کو ختم کیا گیا ہے جبکہ مختلف بکھری ہوئی شقوں کو یکجا کرکے ایک منظم اور سادہ ڈھانچہ تشکیل دیا گیا ہے، جس سے ٹیکس دہندگان کو قوانین سمجھنے اور ان پر عمل کرنے میں آسانی ہوگی۔اس موقع پر شکیل احمد ، جوائنٹ کمشنر انکم ٹیکس سرینگر نے نئے انکم ٹیکس ایکٹ 2025 میں متعارف کرائی گئی وسیع تر تبدیلیوں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔پروگرام کے دوران کر ساتھی چیٹ بوٹ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔ ابھینیت جھورار، انکم ٹیکس آفیسر (ITO) نے بتایا کہ یہ چیٹ بوٹ محکمہ انکم ٹیکس کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے اور ٹیکس دہندگان کے سوالات کے آن لائن جواب دینے اور مختلف ٹیکس خدمات سے متعلق رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ایک تبادلہ خیال سیشن منعقد کیا گیا جس میں شرکا نے ٹی ڈی ایس (TDS) ، ٹیکس دہندگان میں بیداری بڑھانے، عوامی رابطہ مہموں کو وسعت دینے اور ٹیکس انتظامیہ سے متعلق دیگر عملی امور پر سوالات اور تجاویز پیش کیں۔ محکمہ کے افسران نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔