مینڈھر //مینڈھر کے بالا کوٹ بلاک میں زیر تعمیر نکہ تا ناڑ پانچ کلو میٹر رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے مکینوں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہو ئے الزام عائد کیا کہ ایک وسیع آباد ی کو سڑک جیسی بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہے ۔مظاہرین نے بتایا کہ رابطہ سڑک کے ابتدائی تین کلو میٹر علاقہ میں گاڑیوں کی آمد ورفت جاری تھی لیکن کھڈوں کی وجہ سے اب گاڑیاں بھی چلنا بند ہوگئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کھڈوں میں اکثر گاڑیا ں پھنس جاتی ہیں ۔مظاہرین نے ضلع انتظامیہ پونچھ اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔راجہ محمود خان اور سماجی کارکن ماجد خان نے بتایا کہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے اب سڑک نا قابل استعمال ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی کھڈوں میں ایک ٹپر کئی گھنٹوں تک پھنسا رہا ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کو سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔