نکہ منجہاڑی گائوں میں بنیادی سہولیات میسر نہیں

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے نکہ منجہاڑی گائوں میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات میسر نہ ہو نے کی وجہ سے عام لوگ پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گائوں میں ابھی تک رابطہ سڑک تعمیر ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے رابطہ اور مین سڑکوں تک جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مشکل وقت میں مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے چار پائیوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے جبکہ علاقہ میں کئی برسوں سے بنائی جارہی منجہاڑی کنڈ واٹر سپلائی سکیم مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کی مدد سے ایک وسیع علاقہ کی عوام کو پانی سپلائی کرنے کا پلان مرتب کیا گیا تھا لیکن ابھی تک پروجیکٹ ہی مکمل نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ قدرتی چشموں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی سکیم کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کیساتھ باندھی گئی ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے پختہ کھمبے لگانے کے دعوئے بھی بے سود ثابت ہوئے ہیں ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔