جموں//گزشتہ دنوں چھتیس گڑھ میں نکسلی حملے میں جموں کا ایک فورسز اہلکار لاپتہ ہے ۔ اس حملے میں نکسلیوںنے 22فورسز اہلکاروں کو ہلاک کردیا جبکہ 31زخمی ہوئے ہیں اس کے علاوہ متعدد فوجی اہلکار لاپتہ ہوئے ہیں ۔ چھتیس گڑھ کے نکسل سے متاثرہ ضلع بیجاپور میں جموں وکشمیر کا راکیشور سنگھ مانھاس نکسلیوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین مقابلے میں لاپتہ ہے۔ وہ تحصیل کھوڈ کا رہائشی ہے۔ بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر اہل خانہ سمیت پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ کنبہ کے افراد پریشانی کا شکار ہیں۔ہم آپ کو بتادیں کہ چھتیس گڑھ کے نکسل سے متاثرہ بیجاپور میں ، ہفتہ کے دن نکسلیوں نے 700 سے زائد فوجیوں پر حملہ کیا اور ان کا گھیراؤ کیا۔ بیجاپور ایس پی نے اتوار کے روز بتایا کہ نکسلیوں کے ساتھ مقابلے میں 22 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں اور بہت سے فوجی تاحال لاپتہ ہیں۔ نکسلیوں نے دو درجن سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کے اسلحہ بھی لوٹ لیا۔