میلبورن// عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ اسپین کے رافیل نڈال نے ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارٹزمین کے سخت چیلنج پر اتوار کو 6۔3 ،6۔7 (4)، 6۔3 ،6۔3 سے قابو پاتے ہوئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ نڈال کو یہ مقابلہ جیتنے کے لئے تین گھنٹے 51 منٹ تک پسینہ بہانا پڑا۔زور دار اٹیک کرنے والے شوارٹزمین نے دوسرے سیٹ میں تین بار نڈال کی سروس توڑی اور پھر اس سیٹ کا ٹائی بریک 7۔4 سے جیت لیا۔لیکن 16 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن نڈال نے راڈ لیور ایرینا میں اپنے ڈیفنس کی سطح اٹھاتے ہوئے 24 ویں رینکنگ کے ارجنٹائن کے کھلاڑی کے جارحانہ کھیل کو قابو کر لیا۔ ہسپانوی لیجنڈ نے اپنے تیسرے میچ پوائنٹس پر شاندار بیک ہینڈ ریٹرن لگاتے ہوئے جیت اپنے نام کر لی۔اس جیت اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی نڈال نے اپنی نمبر ایک درجہ بندی کو یقینی کر لیا۔ نڈال کو اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے پہلے امریکی اوپن چمپئن مارن سلچ کے چیلنج سے گزرنا ہو گا ۔ چھٹی سیڈ کروشیا سلچ نے ا سپین کے پابلو کارینو بستا کو 6۔7 (2)، 6۔3 ،7۔6 (0)، 7۔6 (3) سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی اور ساتھ ہی اپنی 100 ویں گرینڈ سلیم جیت حاصل کی۔ مارگریٹ کورٹ ایرینا میں سلچ نے ٹائی بریک میں بااثر کھیل کا مظاہرہ کیا اور تیسرے اور چوتھے سیٹ کے ٹائی بریک 7۔0 ،7۔3 سے جیت کر میچ تین گھنٹے 27 منٹ میں نمٹا دیا۔ یہاں سیمي فائنلسٹ رہ چکے سلچ کی یہ 100 ویں گرینڈ سلیم جیت تھی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ملک کے گوران اوانسیوچ کے 11 بار گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ اس دوران خواتین کی کلاس میں دوسری سیڈ ڈنمارک کی کیرولن ووزنیاکي نے چوتھے راؤنڈ میں 19 ویں سیڈ سلوواکیہ کی میگدالینا ربارکووا کو صرف 63 منٹ میں 6۔3 ،6۔0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ۔ووزنیاکي کا سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے اسپین کی کارلا سواریز نوارو سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ایسٹونیا کی اینیٹ کوٹاویٹ کو تین سیٹوں میں دو گھنٹے 17 منٹ میں 4۔6 ،6۔4 ،8۔6 سے شکست دی۔ بیلجئیم کی ایلس مرٹینس نے کروشیا کی پیٹرا مارٹچ کو تقریبا دو گھنٹے میں 7۔6، 7۔5 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ۔یو این آئی۔