کٹھوعہ//پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار و بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے برنوٹی کٹھوعہ میں ایک روزہ کسان میلے و نمائش کا افتتاح کیا ۔ مہمانِ خصوصی نے دیگر اہم شخصیات کے ہمراہ زراعت اور اس سے منسلک شعبوں جن میں باغبانی ، پشو پالن ، ابریشم ، ماہی پالن ، کے وی کے کٹھوعہ شامل تھے ، کی جانب سے قائم کئے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن میں کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف سکیموں اور پروگراموں سے متعلق جانکاری فراہم کی جا رہی تھی ۔ میلے میں زرعی ساز و سامان اور حیاتیاتی مصنوعات کی تجارت سے وابستہ نجی اداروں نے بھی اپنے سٹال قائم کئے تھے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کسانوں کو آتم نربھر بھارت سی ایس ایس اور کیپکس کے تحت سکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کسانوں کو جدید طریقہ کار بشمول مربوط کھیتی باڑی اختیار کرکے اپنی آمدن کو دوگنا کرنے کیلئے کہا انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ کو ایک ضلع ایک پیداوار کے تحت مصالحہ ضلع قرار دیا گیا ہے تا کہ ضلع میں مصالحہ جات کی کاشتکاری کو فروغ حاصل ہو سکے ۔