سرینگر //نوہٹہ اور مہجور نگر میں سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ داغے گئے لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا۔بمنہ میں بھی دھماکے کی آواز سنی گئی ۔نوہٹہ میں فورسز اہلکاروںنے ہوا میں گولیوں کے کئی راونڈ بھی چلائے۔ جمعرات کی دوپہر نوہٹہ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں وہاں سراسیمگی پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ نکلے۔ دھماکہ نوہٹہ چوک میں جامع مسجد کے باہری گیٹ کے قریب ہوا جہاں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔ دھماکے کیساتھ ہی دھواں اٹھ گیا اور فورسز اہلکاروں نے ہوا میں گولیاں چلائیں تاہم اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔بعد میں راہ چلتے لوگوں اور چھوٹی گاڑیوں کی تلاشیاں لی گئیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھر شام کے 7بجکر 55منٹ پر مہجور نگر میں ایس ایس بی ہیڈکوارٹرڈی کمپنی کیمپ پر آٹو میں سوار جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھرایس ایس بی 10بٹالین بمنہ کے مورچہ نمبر 2کے نزدیک دھماکے کی آواز آئی ۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ دھماکہ تھا تا کچھ اور۔تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔