سرینگر/عظمیٰ نیوز سروس/کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن نے نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جانوں کے زیاں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کے ٹی ایم ایف کے صدر محمد یاسین خان نے فیڈریشن کے تمام سینئر ممبران کے ساتھ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ خان نے کہا، “ہم ان خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں جنہوں نے اس دردناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ادھر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔کے سی سی آئی کے صدر جاوید احمد ٹینگا نے سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری تاجر برادری سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کے نتیجے میں آس پاس کے علاقوں میں املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے، جس سے غریب طبقے کو خاص طور پر جاری سردیوں کے موسم میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ تمام متاثرہ گھرانوں کو بروقت امداد اور امداد فراہم کریں تاکہ ان کی فوری ضروریات کو بلا تاخیر پورا کیا جا سکے۔ادھر کشمیر ویلی فروٹ گروورس کم ڈیلرز یونین اور دی نیو کشمیر فروٹ ایسوسی ایشن نے نوگام پولیس سٹیشن میں ہونے والے المناک حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ یونین کے صدر دفتر واقع فروٹ منڈی پارمپورہ میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جہاں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس میں نوگام سانحہ اور حالیہ دہلی دھماکے میں جاں بحق ہونے والوںکے روح کے لیے دعا کی گئی۔یونین کے چیئرمین بشیر احمد بشیر نے جاں بحق افرادکے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔