نونر گوٹلی باغ سڑک کھنڈرات میں تبدیل

 گاندربل//نونر ڑپر گنڈ سے لیکر گوٹلی باغ تک 5 کلومیٹر سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ 2012  میں منی ہائیڈرو بجلی پروجیکٹ کے سلسلے میں سروے کے بعدڑپر گنڈ نونر سے 5 کلومیٹر لمبی سڑک کی کشادگی کا کام شروع کیا گیا  لیکن پروجیکٹ پر کام بند کرنے کے ساتھ ہی ڑپر گنڈ سے لیکر گوٹلی باغ تک سڑک کی کشادگی کا کام بھی ادھورا چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے گوٹلی باغ،ورپش اور وائل وڈرسمیت دیگر علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کیلئے اس سڑک پر سفر کرنا انتہائی مشکل بن چکا ہے کیونکہ سڑک  کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے ۔چند ماہ قبل تعمیرات کے وزیر نعیم اختر نے مقامی آبادی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بہت جلد سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔ گوٹلی باغ کے ایک شہری شریف الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سڑک پر سفر کرنا اب انتہائی مشکل بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا ’’حکام جب چاہیں سڑک کی کشادگی عمل میں لائیں لیکن تب تک کم سے کم آمدورفت کے قابل تو بنائیں۔