نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں محکمہ دیہی ترقی و ضلع انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک پردھان منتری اواس یوجنا کو مکمل طورپر لاگو ہی نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں مستحقین مذکورہ سکیم کے سلسلے میں بنائی گئی فہرستوں سے ابھی تک باہر ہیں ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ سب ڈویژں کے سرحدی دیہات میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے جس میں سے زیادہ تر بی پی ایل زمرے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے مستحقین کو مرکزی معاونت والی سکیم سے ابھی تک باہر رکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مستحقین کو فہرستوں میں شامل کر کے سہولیات فراہم کرنے کےلئے زمینی سطح پر کام کیا گیا تھا لیکن محکمہ کے ملازمین کی جانب سے ان فہرستوں میں ترمیم کر کے مستحقین کو باہر کر دیا گیا ہے ۔ست پال نامی ایک بزرگ نے بتایا کہ وہ گزشتہ ستر برسوں سے ایک کچے رہائشی مکان میں آباد ہیں تاہم اب مذکورہ مکان منہدم ہونے کے قریب ہے تاہم محکمہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ان کو رہائشی مکان کی تعمیر کےلئے معاونت نہیں دی گئی ۔غریبوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی سکیم کا فائدہ پہنچانے کےلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔