رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈویژن کے ناریاں گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت نے عوام کی مشکلات میں بے حد اضافہ کر دیا ہے۔ گاؤں کے سینکڑوں مکین گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کی عدم دستیابی کے باعث پریشان حال ہیں۔ صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد پانی کی سپلائی معمول کے مطابق بحال نہ کی گئی تو وہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔مقامی باشندوں کے مطابق ناریاں گاؤں کی ایک بڑی آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں، مگر زمینی سطح پر صورتحال اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے انجام نہیں دے رہے، جس کے نتیجے میں عام لوگ شدید پریشانیوں کا شکار ہیں۔دیہاتیوں نے بتایا کہ مناور دریا کے قریب قائم پانی کی اسکیم میں پانی کی کوئی کمی نہیں ہے، اس کے باوجود گاؤں میں پانی کی سپلائی انتہائی کم مقدار میں دی جا رہی ہے۔
لوگوں کے مطابق اگر محکمہ چاہے تو روزانہ باقاعدہ سپلائی فراہم کی جا سکتی ہے، مگر لاپرواہی کی وجہ سے مہینے میں صرف دو یا تین مرتبہ ہی پانی چھوڑا جاتا ہے، جو اتنی بڑی آبادی کیلئے ناکافی ہے۔عوام نے کہا کہ پانی صرف پینے کیلئے ہی نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کی دیگر ضروریات کیلئے بھی انتہائی اہم ہے۔ خواتین کو دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے جبکہ بچوں اور بزرگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ مال مویشیوں کیلئے پانی کا انتظام کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث ان کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔متاثرین نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ناریاں گاؤں میں پانی کی سپلائی کو مستقل بنیادوں پر بحال کریں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ لوگوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو وہ احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔اس سلسلے میں جب محکمہ جل شکتی کے جونیئر انجینئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ موٹر پمپ میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث پانی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خرابی کو دور کرنے کیلئے کام جاری ہے اور بہت جلد پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ محض یقین دہانیوں تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کرے گا تاکہ ناریاں گاؤں کے لوگوں کو اس سنگین بحران سے نجات مل سکے۔