رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے بھاٹہ گائوں میں پانی کی شدید قلت نے ہزاروں لوگوں کو مشکلات کا شکار کر دیا ہے۔ مقامی باشندے اس مسئلے پر سخت ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق محکمہ صرف مہینے میں ایک یا دو بار پانی کی سپلائی کرتا ہے، جو ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لئے ناکافی ہے۔گاؤں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ کئی مہینوں سے جاری ہے لیکن متعلقہ حکام اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ ایک مقامی شخص نے شکایت کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں پینے کے پانی کے لئے دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے۔ یہ ایک انتہائی مشکل اور تھکا دینے والا عمل ہے۔پانی کی قلت کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ کھانے پینے کے علاوہ، کپڑے دھونے، صفائی ستھرائی، اور دیگر ضروری کاموں کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں۔ گاؤں کے کسان، جو زراعت پر انحصار کرتے ہیں، بھی اس بحران سے متاثر ہو رہے ہیں۔ فصلوں کو پانی نہ ملنے کی وجہ سے کھیت سوکھنے لگے ہیں، جس سے ان کی روزی روٹی کو خطرہ لاحق ہے۔گاؤں کے لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف مظاہروں کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی بار حکام کو درخواستیں دی گئیں لیکن ان کی شکایات کا کوئی حل نہیں نکالا گیا۔ ایک اور رہائشی نے بتایا، ’’یہ ایک انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لیکن ہمیں یہ حق بھی نہیں مل رہا‘‘۔گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی مہینے میں ایک یا دو بار دستیاب ہونے کی وجہ سے وہاں کے سینکڑوں کنبہ جات کو کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک تو بارش قدرت کی طرف سے بند ہے دوسرا محکمہ جل شکتی کے ملازمین نے بھی انہیں تنگ کر کے رکھا ہوا ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی کئی روز تک بند رہنے کی وجہ سے لوگ اور مویشی بھی پانی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے متا ثر ہو رہے ہیں ۔لوگوں کے مطابق مناور دریا میں پانی ذخیرہ کرنے والا ٹینک بھی بنا ہوا ہے اور دریا میں پانی بھی بہت ہے پھر بھی نہ جانے محکمہ کے اہلکار انہیں پانی مہینے میں ایک یا دو بار کیوں دے رہے ہیں جبکہ پانی کی سپلائی ہر چار پانچ روز کے بعد ہونی چاہیے۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل جل شکتی کے اعلی حکم سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاؤں میں پینے کے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں جب اسسٹنٹ انجینئر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کئی بار محکمہ بجلی کی طرف سے شٹ ڈاؤن لیا جا رہا ہے یہ ہفتے میں ایک یا دو بار ہے اور کئی بار بجلی کی ولٹیج بھی کم ہوتی ہے پھر بھی لوگوں کو سپلائی معمول کے مطابق دینے کی کوشش کریں گے۔
نوشہرہ کے راجپور بھاٹہ گائوں میں پانی کی شدید قلت ،ملازمین پر غفلت برتنے کا الزام | مہینے میں محض 2مرتبہ سپلائی دینے سے معمولات زندگی متاثر سینکڑوں کنبے شدید مشکلات کا شکار ،مسلسل بنیادوں پر پانی سپلائی کرنے کی مانگ
![](https://img.kashmiruzma.news/wp-content/uploads/2024/12/03230711/water-supply-860x538.jpg)