نوشہرہ //نوشہرہ کے جھنگڑ گائوں کے رہنے والے ایک نوجوان کی جموں کے گاندھی نگر میں ہوئی پراسرار موت پر مقامی لوگوں نے جموں پونچھ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند کرکے احتجاج کیا اور مانگ کی کہ قاتلوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے ۔ جھنگڑ سے تعلق رکھنے والا پپو چوہدری عمر 39سال ولد شنکر داس جموں میں آٹو چلاتاتھا جہاں جمعرات کے روز کی آٹو میں ہی میں پراسرار طور پر گاندھی نگر علاقے میں موت واقع ہوگئی ۔اس کی نعش کو آج جب نوشہرہ کے ٹی سی پی لایاگیاتو سینکڑوں لوگوں نے نعش کو قومی شاہراہ پر لیکر پولیس سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اہل خانہ کا اس بات کا دعویٰ کیاکہ پپو چوہدری اوراس کا بھائی سی آر چوہدری نے کروڑوں روپے کا سکینڈل سامنے لایاتھا جس میں حد متارکہ پر پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں واقع اراضی کا معاوضہ بھی یہاں سے لیاجارہاہے اوراسی بناپر اس کا قتل کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی باریکی سے تحقیقات کی جائے اورقاتلوں کو گرفتار کیاجائے ۔ انہوں نے نوشہرہ کے ہی ایک نوجوان بنٹی بخشی کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس کو گرفتار نہ کیاگیاتو وہ نعش کی آخری رسومات ادانہیںکریں گے ۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے اے ڈی سی شیر سنگھ و ایس پی ماسٹر پوپسی موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو کارروائی کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ چونکہ یہ معاملہ جموں کا ہے لہٰذا اس کی گرفتاری جموں میں ہی ہوسکتی ہے تاہم وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے ۔ اسی یقین دہانی پر سوا دو گھنٹوں کے بعد مظاہرین نے احتجاجی دھرنا ختم کیا ۔احتجاج کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلا ت کاسامناکرناپڑااور وہ کئی گھنٹوں درماندہ رہے ۔