نوشہرہ //راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان مسلسل پانچویں رو زبھی فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق شام 5بجے دھنانکا، گنیا اور دیگر سیکٹروںمیں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہواجس دوران پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے متعدد شل سرحدی گائوں میں گرے تاہم اس دوران کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ کئی شل گھروں کے نزدیک بھی آن گرے جس سے لوگوں میں شدید خوف پید اہوا۔دریں اثناء بھارتی فوج نے پاکستانی فوج پر اشتعال انگیز فائرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایاکہ نوشہرہ میں شروع کی گئی فائرنگ اور گولہ باری کا معقول جواب دیاگیا۔فوج کے مطابق پاکستان کی طرف سے حد متارکہ پر مسلسل اشتعال انگیز اقدام کئے جارہے ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوشہرہ میں پچھلے چار روز سے مسلسل فائرنگ اور گولہ باری ہورہی ہے اور اتوار کو پانچویں روز بھی اس کشیدگی میں کمی واقع نہیں ہوئی ۔اس تازہ کشیدگی سے سرحدی عوام میں زبردست خوف پایاجارہاہے اور وہ اپنے گھروں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔