راجوری+جموں //حد متارکہ پر ہندپاک افواج کے درمیان جاری گولہ باری کے دوران منگل کی شام کم از کم 5فوجی جوان زخمی ہو گئے ۔ اکھنور سیکٹر کے کیری بٹال علاقہ میںپاکستانی افواج کی شلنگ سے کم از کم پانچ جوان زخمی ہو گئے، ان میں سے 2جوانوں کو ان کی نازک حالت کے پیش نظر ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ اس سے قبل وزارت دفاع کے جموں مقیم ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب جموں، راجوری اور پونچھ اضلاع کے سرحدی علاقوں کو نشانہ بنا کر گولے داغنے کا سلسلہ شروع ہوا جن کا ہندوستانی افواج نے بھی معقول جواب دیا۔۔بتایا جاتا ہے کہ 55مقامات پر فوج کی اگلی چوکیوں پر پاکستان نے گولہ باری کی۔ان میں کرشنا گھاٹی،بالا کوٹ،کھڑی کرماڑا،منجہ کوٹ،ترکنڈی پونچھ،کلال،بابا کھوری،لام،جنگرراجوری،پلان والا اور لالہ علی شامل ہیں۔ادھر گزشتہ شب 2بج کر 10منٹ پر کلال، کھوڑی، بابا کھوڑی، بنگوٹ، کلائی ، دبوڑا، کلسیاں، بھوانی، سیر، مکڑی، کڈالی، سریاہ، پکھرنی وغیرہ میں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہواجو صبح 5بج کر 35منٹ تک جاری رہا۔منگل کی شام چار بجے سے لیکر 6بج کر 20منٹ تک دوبارہ سے کڈالی و دیگر مقامات پر فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے۔ مینڈھر منکوٹ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر اور پورے بالاکوٹ سیکٹر میں شدید گولہ باری ہورہی ہے ۔گولہ باری کا یہ سلسلہ شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہواجو تادم تحریر جاری تھا اور لوگ اپنی جانوں کیلئے فکر مند ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ شلنگ میں سب سے زیادہ متاثر نوشہرہ سیکٹر ہے۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے بتایاکہ کرشنا گھاٹی اور بالاکوٹ میں فائرنگ اور گولہ باری ہورہی ہے جس کے پیش نظر مشینری کو مستعد رکھاگیاہے تاکہ کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹاجاسکے۔ادھرحدمتارکہ پر واقعہ کرناہ سیکٹر میں سوموار اور منگل کی درمیانی لڑاکہ طیارے فضا میں گشت کرتے رہے،جس سے علاقے میں جنگ جیسا سماں تھا۔کرناہ کے گبرہ ، ہجترہ ، دھنی ، سعدپورہ ، ٹاڈ ، جبڑی اوربجلدار کے علاوہ کنڈی دلدار ، ٹنگڈار ، باغ بالا نہچیاں،بٹ پورہ کے علاوہ ٹیٹوال میں بھی لوگ محفوظ مقامات کی طرف دوڑ پڑے جبکہ کئی ایک لوگوں نے مورچوں میں پنا ہ لی ۔گبرہ کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے لڑاکا طیاروںکو نچلی پروازیں کرتے ہوئے محسوس کیا جس کے نتیجے میں زور دار آوازیوں سے وہ انتہائی خوف زدہ ہوگئے۔دریں اثنا راجوری انتظامیہ نے سرحدی علاقوں میں کے تمام تعلیمی اداروں کو آج یعنی بدھ کے روز بند رکھنے کا حکم دیاہے ۔ ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری حکمنامہ کے مطابق حد متارکہ سے 5کلو میٹر کے فاصلہ تک پڑنے والے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔