کپوارہ //نوجوانو ں کی کھیل کود کے بجائے تعلیمی سر گرمیو ں کی طرف اپنی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی نگیٹ انجینئر رشید نے کہا کہ نوجوانو ں کی کھیل کود کی طرف جا نا باعث تشویش ہے ۔ باتر گام کپوارہ میںجمعرات کو ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کی اختتامی تقریب کے موقع پر انجینئر رشید نے کہا کہ کھیل کود اور دیگر سرگرمیوں کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہو سکتا لیکن موجودہ دور میں بچے ہر جگہ تعلیم کے بجائے کھیل کود میں ہی زیاد ہ دلچسپی لے رہے ہیں جو ایک تشویشناک امر ہے ۔ انہوں نے کہا آج کے جدید اور تیز رفتار دنیا میں جہاں آج کل معیاری اور جدید تعلیم کی اہمیت بالکل غیر متنازعہ ہے وہاں بد قسمتی سے ہماری ریاست جمو ں و کشمیر میں ارباب اقتدار گہری نیند سوئے ہوئے ہیں اور اس اہم شعبے تعلیم کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا ریاست میں جس کسی کی بھی سرکارہو اور وہ اپنے سالا نہ بجٹ کا بیشتر حصہ تعلیمی شعبے پر خرچ کرتی لیکن یہ بات عیاںہے کہ ہر سرکار کی ترجیح تعلیم کے بجائے دیگر مسائل پر ہوتی ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اساتذہ ، عوامی نمائندوں اور بیوروکریٹوں کے اپنے بچے پرائیویٹ اسکولوں میںتعلیم حاصل کرتے ہیںاور انہیں غریبو ں کے بچو ں کی کوئی فکر نہیں ۔انجینئر رشید نے کہاکہ اس بات میں کوئی دورائے نہیںہے کہ دور دراز علاقوں میں پرائمری اسکولوں سے لیکر ہائی اسکولوں تک میں نہ صرف اساتذہ کی کافی زیادہ کمی ہے بلکہ اسکولوں کیلئے مناسب بنیادی ڈھانچہ بھی نہیں ہے ــ۔انجینئر رشید نے کہا کہ اساتذہ ، عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازموں کیلئے ایک قانو ن بنانا چایئے کہ ان کے بچے سرکاری اسکولوں میں ہی تعلیم حاصل کریں۔ انجینئر رشید نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سکولو ں میںدوپہر کا کھانا اور دیگر فرسودہ اسکیموں کا فائدے کے بجائے نقصان ہی ہو رہا ہے اور طالب علموں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کا قیمتی وقت بھی ان اسکیموں کی عمل آوری کے نام پر ضائع ہوتا ہے ۔ انجینئر رشید نے طالب علمو ں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دیں کیونکہ موجودہ دور مقابلہ کا دور ہے ۔انہو ں نے ان نوجوانو ں پر بھی زور دیا کہ جو اپنا زیادہ تر وقت کھیلو ں کی طرف دیتے ہیں کہ وہ تعلیم کو ہی اپنا مقصد سمجھے تاکہ ان کا مستقبل روشن بن جائیں ۔