نئی دہلی//وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ نوجوانوں کو ملک سے محبت کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے انھیں ملک کی تاریخ بالخصوص سرحدوں کی تاریخ کو جاننا اور سمجھنا چاہیے ۔ سنگھ نے آج فوجی ادبی فیسٹیول 2020 سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن دھیرے دھیرے فوجی زندگی اور عام آدمی کے درمیان پل کے بطور فروغ پا رہا ہے ۔ انہوں نے ،‘ملٹری لٹریچر کوعام آدمی سے جوڑنے میں خود میری بھی دلچسپی ہے ۔ میری بڑی خواہش ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں ملک کی تاریخ بالخصوص سرحدوں کی تاریخ کو جانیں اور سمجھیں’۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع سے وابستہ تھنک ٹینک، ملٹری اسٹریٹجی سے متعلق تحقیق، میگزین اور دیگر سامان آف لائن اور آن لائن شائع کرتے ہیں تاکہ یہ عوام تک پہنچ سکے ۔ انہوں نے کہا،‘وزیر دفاع کا عہدہ حاصل کرنے کے ساتھ ہی میں نے بہ ضابطہ ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ہماری سرحدوں کی تاریخ، اس سے متعلق جنگ، بہادروں کی قربانی اور جاں نثاری کو آسان اور بہتر ڈھنگ سے عوام کے سامنے لانے کی سمت کام کر رہی ہے ’۔ سنگھ نے کہا کہ وقت وقت پر وہ خود ان کا تجزیہ کرتے ہیں اور ضروری ہدایات دیتے ہیں۔ ‘میری کوشش رہتی ہے کہ ہمارے ملک کے عوام مختلف سطحوں پر ہمارے افواج اور قومی سلامتی سے متعلق چیزوں کو اچھی طرح سے سمجھیں اور حتی الامکان اس میں اپنی حصہ داری بھی کریں’۔ سنگھ نے کہا کہ ‘ڈیفنس’ اور ‘اسٹریٹجی’ سے متعلق موضوعات کے ساتھ ساتھ ملک کی تہذیب، ‘جے جوان جے کسان’، ‘خود کفیل’ اور ‘بالی وڈ’ جیسے عنوانات پر مذاکرے نے اس انعقاد کو بہت وسیع بنا دیا ہے ۔ اس میں لوگ کتابوں کے ذریعے فوج سے متعلق نظریاتی معلومات تو لے ہی سکتے ہیں۔ فوج کے افسران اور جوانوں سے مذاکرہ کرکے ان کے نجی اور حقیقی تجربات کو بھی جان سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ان کے دکھائے گئے کرتب سے وہ فوج کی مہم اور ان کے طریقہ کار کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ قوم پرستی کے جذبے سے ادب لکھے جانے کی ملک میں قدیم روایت رہی ہے ۔ ہندی ہو یا پنجابی یا پھر گجراتی تقریباً تمام زبانوں میں ایسی تحریریں موجود ہیں جنہوں نے اپنے وقت میں عوام کے اندر حب الوطنی کے جذبے کو بیدار کیا اور فروغ دیا ہے ۔