سپورٹس ڈیسک
پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے کل یہاں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین پلوامہ میں بین الصوبائی سطح کے انڈر 19 لڑکیوں کے کھو کھو ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔کشمیر کے 9 اضلاع سے انڈر 19 عمر گروپ کی تقریباً 108 لڑکیوں نے اس مقابلے میں حصہ لیا، جس کا اہتمام محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کشمیر نے کیا ۔نوجوانوں کو ترقی اور تبدیلی کا محرک قرار دیتے ہوئے، ڈی ڈی سی نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں قیادت، ٹیم اسپرٹ، رواداری کے اوصاف سکھاتی ہیں اور نوجوانوں میں اقدار، باہمی اعتماد اور سپورٹس مین شپ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں کھیل ایک کیریئر کے طور پر ابھر رہے ہیں اور بہترین آپشن ہو سکتے ہیں۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ لگن اور جوش کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہیں اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر نام روشن کریں۔پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین پلوامہ، ڈاکٹر یاسمینہ فاروق، زیڈ پی ای اوز، فزیکل ایجوکیشن ماسٹرز، فزیکل ایجوکیشن کے اساتذہ، ٹیم انچارجز، لیکچررز اور دیگر بھی موجود تھے۔