نوا ز شریف نے پی ٹی آئی کے اقتصادی پالیسی کی مخالفت کی

لاہور//پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے برسراقتدار تحریک انصاف پارٹی کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے ۔ پاکستانی اخبار ‘دی ڈان’ نے جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ۔نواز (پی ایم ایل۔این) کے لیڈر مسٹر نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ ‘‘ملک کے دشمن میرے معیاد کار میں پاکستان کی ترقی نہیں دیکھ پارہے تھے اور آج کوئی بھی غیر ملکی سرمایہ کار یہاں آنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ معیشت بدحال ہوگئی ہے ۔ مسٹر شریف نے کوٹ لکھپت جیل میں پی ایم ایل این لیڈروں سے ملاقات کے دوران یہ باتیں کہیں۔  مسٹر نواز شریف نے ملک کو صحیح نہج سے نہ چلانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر تنقید کی۔ پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریبوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ملک میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ مسٹر نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت نے ملک کو ترقی کے راستے پر آگے بڑھایا تھا لیکن پاکستان کے دشمنوں نے ترقی میں رکاوٹ ڈال دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘اگر ملک کی معیشت اگلے 10 برسوں تک اسی ڈھنگ سے چلتی رہی تو ملک کا قرض دگنا ہوجائے گا۔پی ایم ایل۔این حکومت کے معیاد کار کے دوران روپوں کی قدروں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا تھا۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ وہ ان پر چلے رہے مقدموں اور قیدسے نہیں ڈرتے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ عوام کی عدالت میں پی ایم ایل۔این ابھی بھی مقبول ہے ۔ سابق وزیراعظم نے ملک کے سابق صدر (ر) پرویز مشرف کے تعلق سے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بیرون ملک میں روپوش ہونے کی اجازت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘آئین کی خلاف ورزی کرنے والے مسٹر مشرف کمر درد کے بہانے بیرون ملک رہ رہے ہیں۔’’ پی ایم ایل۔این لیڈر مسٹر عباسی اور مسٹر صادق نے مسٹر شریف کو نیشنل اسمبلی کی کارروائی اور مختلف مسائل پر پارٹی کے مؤقف سے باخبر کرایا۔یو این آئی