اسلام آباد//تحریک انصاف چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف احتساب کے نام پرعوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔بنی گالا اسلام آباد میں شیخ رشید سے ملاقات کے موقع پر چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف مافیا ہر قیمت پر بیرون ملک چھپائے 3 سو ارب بچانا چاہتی ہے، اسی لئے سابق وزیراعظم عدلیہ اور آئین پر حملے کررہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے پاس اپنے جرائم کے دفاع میں کہنے کے لئے کچھ نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف دعویٰ کررہے ہیں کہ عوام ان کا احتساب کریں گے، اس دعویٰ کے ذریعے وہ قوم کو بے وقوف بنانے، آئین کی خلاف ورزی اور فساد برپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ عوام کو ہر وقت بے وقوف بنا کر رکھنا چاہئے لیکن اب یہ ممکن نہیں کیوں کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ ان کا کام اپنا نمائندہ منتخب کرنا اور قانونی کی عملداری یقینی بنانا ہے جبکہ احتساب کا اصل فریضہ آئینی طور پر عدلیہ کے ذمے ہے۔اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور آئندہ انتخابات کرپشن کی بنیاد ہی لڑے جائیں گے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ حدیبیہ پیپر کا معاملہ پہلے سے زیادہ بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔