سرینگر// حکومت نے وادی سے نقل مکانی کرنے والے پنڈتوں کیلئے بڈگام کے شیخ پورہ اور کولگام کے ویسو علاقے میں عارضی رہائش کیلئے فلیٹس کے تعمیراتی کام کے دائرہ کار میں تبدیلی کا جائزہ لینے کے لیے حقائق کی تلاش( فیکٹ فائنڈنگ) کمیٹی کا قیام عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے۔ سرکار کی جانب سے منگل کو جاری ایک حکم نامہ میں کہا گیا کہ سرکاری آرڈر نمبر 862-JK (GAD) 2021 محررہ 8ستمبر2021کے تناظر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی گئی ہے۔ فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) محکمہ خزانہ کی سربراہی والی اس3رکنی کمیٹی کو ایک بیڈ روم،ہال و کچن(بی ایچ کے) سے2بی ایچ کے میں تبدیل کرنے کے پیچھے حقائق اور حالات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے چیئرمین 1 مالیاتی کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکرٹری) ، محکمہ خزانہ ہوںگے جبکہ کمیٹی میں محکمہ آفات سماویٰ،ریلیف،راحت، بحالی و تعمیر نو کے انتظامی سیکرٹری اور ڈائریکٹر فائنانس ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ،بحالی اور تعمیر نو محکمہ بطور ممبران کام کریںگے۔8ستمبر کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا تھا ، ’’ فنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکریٹری) ، محکمہ خزانہ اتل ڈھلو کو ویسو ، ضلع کولگام اورشیخ پورہ ، بڈگام میں کشمیر مہاجرین کیلئے رہائشی مکانوں کو ایک بیڈ ،روم ہال،کچن ( 1 بی ایچ کے)سے 2بیڈ روم،ہال کچن(2 بی ایچ کے) کے تعمیراتی دائرے کار کو تبدیل کرنے کیلئے تفتیشی افسر کے طور پر تقرری کو منظوری دی جاتی ہے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ آفات سماویٰ،امداد، راحت،باز آبادکاری و تعمیر نو کے ڈائریکٹر فائیانس پریزینٹنگ آفیسر ہوگے جبکہ تحقیقاتی افسر کو جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔