سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے وادی سے نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کی جائیداد کو قانونی طریقے سے خریدکرحاصل کیا ہے،انہیں ہراساں کرنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ وادی کشمیرسے نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کی جائیداد کی قانون کے تحت حفاظت کرنا اعلیٰ انسانی اقدار کے عین مطابق ہے تاہم ایسے لوگوں کو کسی بھی صورت میں تنگ طلب یاہراساں نہیں کیا جانا چاہیے جنہوں نے نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کی جائیدادیں باضابطہ قانونی طور حاصل کی ہیں۔حکیم یاسین نے کہا کہ کشمیر ،کشمیری پنڈتوں کے بغیر نامکمل ہے اورکشمیر کے اکثریتی لوگ پنڈتوں کی گھر واپسی کے خواہاں ہیں۔بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی جائیدادوں پرغیرقانونی قبضے کو ہٹاناضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کی جائیدادوں پر غاصبانہ قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے، وہاں ایسے لوگوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کی اشد ضرورت ہے، جن کا مقصد جھوٹی شکایات درج کرواکے اکثریتی فرقے کو بدنام کرنا ہے ۔پی ڈی ایف کے سربراہ نے نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کو یقین دلایا کہ کشمیرکی سول سوسائٹی ان کے اپنے وطن و گھروں کی واپسی کے لئے کھلے دل سے بے قرار ہے اور اس کیلئے کوئی بھی تعاون دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ تاہم انہوں نے نقل مکانی کرچکے پنڈتوں میں چھپے کالے بھیڑیوں کے مکروہ عزائم سے باخبر کیا ہے جو مہاجر جائیداد کے بارے میں جھوٹی شکایات درج کرواکے اکثریتی فرقے کو ہراساں اور بدنام کرنا چاہتے ہیں، جس کے نتیجے میں صرف آپس میں بد گمانیاں اور تلخیاں پیدا ہونے کے سوا کچھ نہیں ہوگا ۔