سرینگر // نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان اور لبریشن فرنٹ ( آر ) چیئر مین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) کو ایک بار پھر قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے دلی طلب کرلیا ہے۔نعیم خان کو چوتھی بار نئی دہلی طلب کرلیا گیا ہے۔ نیشنل فرنٹ ترجمان نے کہا ہے کہ بار بار کی نام نہاد پوچھ گچھ اب تشویشناک بنتی جارہی ہے کیونکہ لگتا ہے کہ این اے آئی کسی بھی طرح نعیم خان کو جھوٹے کیسوں میں پھنسانے کے کام میں لگی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکمران اور اس کے جملہ ادارے نعیم خان کے سیاسی عقائد کو توڑنا چاہتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ نعیم خان کا سیاسی طور مقابلہ کرنے کے بجائے اُنہیں مختلف حیلوں اور بہانوں سے تنگ کرنا ایک بزدلانہ اور مکارانہ عمل ہے جو نعیم خان کے عزم و حوصلے کے آگے ناکام ہوگی ۔لبریشن فرنٹ (آر) ترجمان نے NIAکی جانب سے سیاسی قیادت کے خلاف اس طرح کے اقدامات کو ہراسان کئے جانے کی کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائدین اور اراکین کو بے بنیاد کیسوں میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس طرح انہیں پُر امن سیاسی جدوجہد سے کنارہ کش ہونے کے لئے دبائو ڈالا جارہا ہے ۔