حبیبِ کبریا جانِ حرم ہیں جان امت ہیں
وہ روحِ زندگی ہیں اور وجہ خیر وبرکت ہیں
وہ بن کر رحمۃٌ للعالمیں آئے ہیں دنیا میں
وہ عفو و در گذر کی شان ہیں وہ جانِ رحمت ہیں
انھی کی ذات سے سب کو ملا سرّ طمانینت
محمد مصطفی وجہِ سکوں وجہِ سعادت ہیں
اطاعت فرض ہے ان کی ہر اک حالت میں امت پر
کہ وہ تو مرجع اسلام ہیں قرآن و سنت ہیں
محبت اور ہمدردی اخوت اور صلہ رحمی
انھی کے دم سے زندہ ہے وہیں اس کی علامت ہیں
ہمیں جو نسبتِ خیر الوری حاصل ہوئی اے شمسؔ
اسی نسبت کے صدقے آج ہم سب خیرِ امت ہیں
ﷺ
ڈاکٹر شمس کمال انجم
صدر شعبۂ عربی بابا غلام شاہ باد
شاہ یونیورسٹی راجوری