سرینگر//انجمن نصرۃ الاسلام کے زیر اہتمام کشمیر کی قدیم تعلیمی دانشگاہ نصرۃ الاسلام ہائیر سیکنڈری سکول کے مرکزی آڈیٹوریم میں ایک پر وقار سیرتی تقریب منعقد ہوئی جس میں وادی بھر کے درجنوں نامور پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے حصہ لیکر سیرت نبوی ﷺ کے مختلف پہلوئوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انجمن کے صدر اورحریت (ع) چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کہا کہ اسلام کی بنیادی تعلیمات اور اقدار کے فروغ اور ایک بہتر ،دیندار اور اخلاقی اقدار کے حامل معاشرہ سازی کیلئے اسلام کے اعلیٰ اقدار اور رسول رحمت ﷺ کی آفاقی تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں رہنما بنائے بغیر موجودہ سیاسی ، سماجی ، معاشرتی اور ملی مسائل کا حل تلاش نہیں کیا جاسکتا۔سیرتی تقریب میں کشمیر کے سرکردہ عالم دین مولانا محمد عباس انصاری، مولانا عبدالرشید امینی، مفتی غلامی غلام رسول سامون کے علاوہ معززین شہر اور دانشوروں کی بڑی تعداد اورانجمن کے جنرل سیکریڑی محمد ابراہیم شاہ پرنسپل ڈاکٹر جی ایم خان اوراراکین انجمن بھی موجود تھے۔سیرتی تقریب میںبالترتیب پہلی پوزیشن آرپی اسکول کی طالبہ صالحہ ، دوسری پوزیشن کشمیر ہاورڈ انسٹی چیوٹ سرینگر کی طالبہ ابینہ جبکہ تیسری پوزیشن مسلم پبلک اسکول راجباغ کی طالبہ عریضہ فیاض جبکہ کنسولیشن پرائز اسلامیہ ہائیر سکینڈی سکول راجوری کدل کے طالب علم فرقان منظور نے حاصل کی جنہیں صدر انجمن کے ہاتھوں نقد انعامات ، ٹرافی اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔جج کے فرائض پروفیسر محمد صدیق کچھے، انجینئر راس مسعود، اور محی الدین نے انجام دیئے اور نظامت کی ذمہ داری مدیر نصرۃ الاسلام مولانا ایم ایس رحمن شمس نے پوری کی۔ اس مرحلے پر مجلہ نصرۃ الاسلام کا خصوصی سیرت نمبر بھی جاری کیا گیا۔