سرینگر// نیشنل کانفر نس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ گپکارعوامی اتحاد کی شاندار کامیابی نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ جموںوکشمیر کے عوام کو 5اگست2019کے فیصلے قبول نہیں اور بھاجپا اور اس کی پراسکیوں کی طرف سے زبردست ڈھنڈورا پیٹنے کے باوجود بھی یہاں کے عوام نے ان کی تقسیمی اور تخریبی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ لوگ ہمیں ڈرانے اور دھماکے کی کوشش کررہے ہیں،یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ فاروق عبداللہ ان کے سامنے سر جھکائے گا لیکن انہیں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ ڈاکٹر عبداللہ صرف اپنے رب کے سامنے اپنا سر جھکائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا’’ یہ لوگ فاروق عبداللہ کو نہیں جانتے ہیں میں شیر کشمیر کا بیٹا ہوں، میں ڈرنے والا نہیں ہوں اور آپ لوگوں کو بھی ڈرنا نہیں چاہئے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک بڑے مقصد کیلئے الائنس بنایا اور اس کے لئے قربانیاں دیں،ہمیں ڈرنا نہیںہے، ہمیں ہمت، حوصلے اور عزم کیساتھ آنے والے چیلنجوں کا سامنا کرناہے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ تخریبی سیاسی جماعتوں نے خوب ڈھنڈورا پیٹا کہ نیشنل کانفرنس ختم ہوگئی ہے، ٹھیک اُسی طرح جس طرح ان لوگوں نے 1990کے دوران بھی کیا لیکن بعد میں یہی لوگ میرے پاس آئے اور مجھ سے منت سماجت کی کہ ہمیں بچائو، آج بھی ہم نے اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے ثابت کرکے دکھایا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے عوام کی ہردلعزیز جماعت تھی ، ہے اور رہے گی۔ ‘‘ڈاکٹر فاروق نے جموں وکشمیر کے ووٹروں کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکلات کے باوجود پیپلز الائنس کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
نتائج ڈھنڈورا پیٹنے والوں کیلئے نوشتہ دیوار
