جموں//نامورفلم ڈائریکٹر ،نغمہ نگار ،سکرین رائٹر،پروڈیوسر ، شاعراورادیب گلزارجموں یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میںشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام منعقدہونے والے تین روزہ جشنِ گلزارمیں شرکت کیلئے 12 مارچ کوجموں یونیورسٹی پہنچ رہے ہیں۔گلزارشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کی طرف سے منعقدہ تین روزہ جشن گلزارکااہتمام کیاجس میں گلزارخصوصی طورپر مدعوہیں۔تین روزہ جشن گلزارکاافتتاح وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرمنوج کماردھر12مارچ کو3 بجے بعددوپہرکریں گے اورافتتاحی تقریب کے بعدمشاعرے کابھی اہتمام کیاگیاہے جس میں گلزاراورریاست کے دیگرشعراکرام اپناکلام پیش کریں گے۔اس کے علاوہ جشن کے افتتاحی روز ہی گلزارجموں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اورسول سوسائٹی ممبران سے خیالات کااظہارکریں گے۔ جشن گلزارمیں کلیدی خطبہ کینڈاسے تعلق رکھنے والے نامورمحقق اورشاعرڈاکٹرتقی عابدی پیش کریں گے۔ اس دوران ڈاکٹرتقی عابدی کی کتاب ’’تروینی آف گلزار‘‘کابھی اجراکیاجائے گا۔ بعدازاں شام ِ غزل میں ریاست کے گلوکارگلزارکی غزلوں کوموسیقی کاپیراہن عطاکریں گے۔13مارچ کوجشن ِ گلزارکے دوسرے روز ایک عالمی سیمیناربعنوان ’’گلزارحیات اورکارنامے ‘‘منعقدکیاجارہاہے جس میں گلزارکی موجودگی میںپنجابی اوراُردوافسانہ نگار خالدحسین،ڈاکٹرآصف ملک ،ڈاکٹرفرحت شمیم اورڈاکٹرشہنازقادری ’گلزار‘کے کام اورزندگی پرمبنی مقالات پیش کریں گے۔ بعدازاں سوالات وجوابات کاسیشن بھی ہوگاجس میں شرکاگلزارسے اپنے سوالات پوچھیں گے۔جشنِ گلزارکے دوران ریاست کے اُبھرتے ادباکی کتب کااجرابھی کیاجائے گااور14 مارچ کوجشن گلزاراختتامی تقریب کے ساتھ پایہ تکمیل کوپہنچے گا۔واضح رہے کہ گلزارفلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ اُردوشاعری اورادب میں شہرت رکھتے ہیں۔گلزارکااصلی نام سمپورن سنگھ کالراہے اوروہ 18 اگست 1934کودیناپنجاب (جواب پاکستان میں ہے) میں پیداہوئے ۔گلزارنے سکول کے دنوں میں ہی ٹیگورکوپڑھااوراس کے ترجمہ کوسمجھا۔گلزارکی زندگی نے مختلف موڑلیے اورتقسیم ہندکی وجہ سے وہ ممبئی آپہنچے اوریہاں گلزارکے نام سے مقبولیت حاصل کی۔موصوف کے والدکانام مکھن سنگھ کالرااوروالدہ کانا م سجن کورتھا۔گلزارنے اپنی محنت ،لگن اورجذبے سے ہندوستانی فلم اڈسٹری میںفلم ڈائریکٹراورسکرین رائٹرکے طورپرنام کمایا۔انہوںنے شاعری میں نئی صنف تروینی کوایجادکیا۔اُردواورفلم انڈسٹری میں نمایاں خدمات کیلئے گلزار متعدد اعزازات بشمول پدم بھوشن ایوارڈ2004 ،داداصاحب پھالکے 2013 ،بہترین گانے کیلئے اکیڈمی ایوارڈ2008 وغیرہ حاصل کیے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ گلزارکادورہ جموں یونیورسٹی نئی نسل فائدہ مندثابت ہوگا۔